نیب کیس میں آصف زرداری کیلئے وکیل نے صدارتی استثنیٰ مانگ لیا

ملزم کی حاضری نہیں ہوئی، اگر وہ نہیں حاضر ہوتا تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے، جج

پیر 22 اپریل 2024 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) احتساب عدالت اسلام آباد میں آصف زرداری و دیگر کیخلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں وکیل نے صدارتی استثنیٰ مانگ لیا۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں جج ناصر جاوید رانا نے آصف زرداری و دیگر کیخلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایک ملزم کی حاضری نہیں ہوئی، اگر وہ نہیں حاضر ہوتا تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے۔

وکیل نے کہا کہ آصف علی زرداری کی جانب سے صدارتی استثنیٰ کی درخواست دائر کی ہے۔اس موقع پر نیب نے صدارتی استثنیٰ کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں بتایا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 248کے تحت صدر کو کیسز سے صدارتی استثنیٰ حاصل ہے۔ملزمان میں سابق سیکرٹری اعجاز احمد خان، علی اکبر، اعجاز میمن، علی اکبر ابڑو، خواجہ عبدالغنی مجید، مناہل مجید، ندیم بھٹو اور دیگر شامل ہیں۔عدالت نے کیس کی سماعت 21 مئی تک ملتوی کردی۔