ض*آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت ''تحفظ منزل'' پراجیکٹ بارے اجلاس

ج*تحفظ منزل پراجیکٹ کو وسعت دینے، مزید اقدامات عمل میں لانے کا فیصلہ ۔لاہور کی طرز پر ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی تحفظ منزل کا قیام عمل میں لایا جائے گا، آئی جی پنجاب

پیر 22 اپریل 2024 21:30

۳ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی زیر صدارت ''تحفظ منزل'' پراجیکٹ بارے اجلاس منعقد ہوا جس میں گھر سے بھاگے بچوں کو تحفظ اور پناہ کی فراہمی اور بے گھر خواتین کی مدد کیلئے تحفظ منزل کی کاوشوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،دوران اجلاس بے گھروں بچوں اور سماجی مشکلات کی شکار خواتین کی مدد کیلئے تحفظ منزل پراجیکٹ کو وسعت دینے اور مزید اقدامات عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ لاہور کی طرز پر ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی تحفظ منزل کا قیام عمل میں لایا جائے گا، تحفظ منازل بے گھر بچوں اور سماجی مشکلات کا شکار خواتین کی مدد میں اہم کردار ادا کریں گی، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ متعلقہ اضلاع کے سی پی اوز اور ڈی پی اوز تحفظ منزل پراجیکٹ کی نگرانی کریں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ لاہور کی تحفظ منزل یتیم، بے گھر و بے سہارا بچوں اور مشکلات کی شکار خواتین کو مدد و تحفظ میں مثالی کام کر رہی ہے، اسی طرز پر عوامی خدمت کے اس پراجیکٹ کا دائرہ کار صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی پھیلایاجائے گا ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، کمانڈنٹ پی سی چوہنگ محبوب اسلم للہ، اے آئی جی آپریشنز پنجاب ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر، اے ایس پی سیدہ شہربانو نقوی اور سماجی ورکر ذوفشاں انوشے نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔