ٴْوزار ت پورٹ اینڈ شپنگ نے ملک بھر میں کام کرنے والی شپنگ کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ

پیر 22 اپریل 2024 21:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2024ء) وزار ت پورٹ اینڈ شپنگ نے ملک بھر میں کام کرنے والی شپنگ کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس ضمن میں 30 اپریل کو پی این ایس سی ہاو ٴس میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا۔وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ قیصر احمد شیخ نے پیر کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب اور پی این ایس سی میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بزنس کمیونٹی کو شپنگ لائنز کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا ،شپنگ لائنز کا جو دل کر رہا ہے اتنے چارجز لے رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں آٹھ ماہ تک پھنسے جہاز کے بارے میں پی این ایس سی حکام نے وزارت کو لاعلم رکھا اس حوالے سے تحقیقات کرکے زمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

کراچی چیمبر آف کامرس میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ قیصر احمد شیخ نے کہا کہ کراچی بزنس کا حب ہے،پورٹ ریگولیٹری اتھارٹی کا نہ ہونا قابل افسوس ہے ،ہم غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کررہے ہیں ،دنیا میں ہم اپنا معیار نہیں بنا پا رہے ،بہت جلد تمام پورٹس کا دورہ کرونگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں کے پی ٹی ٹرسٹی کی اہمیت سے آگاہ ہوں ،کے پی ٹی بورڈ میں کراچی چیمبر اور پی این ایس سی کو نمائندگی دیں گے، آئندہ ایک ماہ میں کے پی ٹی بورڈ کی تنظیم نو ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کجہ میں نے وزیر خزانہ بننے کے لیے ہائی کمان سے کئی بار کہا کیونکہ میری خواہش تھی کہ مجھے وزیر خزانہ بنایا جائے تاہم ہائی کمان نے مجھ سے کہا کہ آپ کو اچھی وزارت دے دی ہے آپ اس پر کام کریں۔انہوں نے موجودہ وزیر خزانہ کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔اس موقع پر سیکریٹری پورٹ اینڈ شپنگ ارم انجم نے میڈیا کو بتایا کہ منگل کو اسلام آباد جا کر سری لنکا میں 8 ماہ تک کھڑے ہوئے پی این ایس سی جہاز کے زمہ داروں کی نشان دہی کیلئے کمیٹی بنا رہے ہیں ، بظاہر اس جہاز کے رکنے اور ملک کو مالی نقصان سے دو چار کرنے کے ذمہ دار۔پی این ایس سی انتظامیہ ہے۔