&سیلانی کے تحت خشک اور تیار خوراک کے علاوہ ادویات پر مشتمل ایک اور کھیپ فلسطین کے لیے روانہ

پیر 22 اپریل 2024 21:30

Yکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اپریل2024ء) سیلانی کے تحت خشک اور تیار خوراک کے علاوہ ادویات پر مشتمل ایک اور کھیپ فلسطین کے لیے روانہ کردی گئی۔سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کی جانب سے غزہ کے متاثرین جنگ کے لیے خشک خوراک ،ادویات اور دیگر اشیاء کی تیسری کھیپ چائنا پورٹ کراچی سے فلسطین کے لیے روانہ کردی گئی جو مصر کے راستے پہنچائی جائے گی،ایڈمنسٹریٹر میڈیکل ڈیپارٹمنٹ وزیر رضا کے علاوہ روٹری ڈسٹرکٹ 3271 کے زمہ داران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کنٹینرز میں خشک خوراک ،بسکٹس ،ادویات اور خواتین کے لیے تیار خوراک کے خصوصی پیکٹس شامل ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی اور ترکیہ کے شہر استنبول سے 4 کھیپ روانہ کی جاچکی ہیں۔ استنبول سے تیسری کھیپ پیکنگ کے مراحل میں ہے جو آئندہ چند روز میں فلسطین روانہ کردی جائے گی۔ اب تک سیلانی کی جانب سے غزہ کے مسلمانوں کے لیے ترکیہ اور پاکستان سے روانہ کیے جانے والے سامان کی مالیت 20 کروڑ روپے سے زائد ہوچکی ہے۔اس سے قبل 6 کروڑ روپے مالیت والی امدادی اشیاء کی ایک کھیپ بھیجی گئی تھی جن میں تیار خوراک کے علاوہ کمبل،ٹینٹ،خیمے،گرم کپڑے وغیرہ شامل تھے۔