جامعہ سندھ جامشورو میں عالمی یوم ارض کے حوالے سے “سیارہ بمقابلہ پلاسٹک” کے موضوع پرآگہی واک کا اہتمام

پیر 22 اپریل 2024 21:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) شعبہ جغرافیہ جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے گرین یوتھ موومنٹ کلب کے تعاون سے عالمی یوم ارض کے حوالے “سیارہ بمقابلہ پلاسٹک” کے موضوع پر پودے لگانے کے ساتھ آگہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی زیر صدارت تقریب کا آغاز کیا گیا۔

وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو سمیت اساتذہ، افسران، ملازمین و طلباء نے سینٹرل لائبریری اور شعبہ جاگرافی کے پاس پودے لگائے، جو ماحول کو سرسبز اور پلاسٹک سے پاک کرنے کے عزم کی علامت ہیں۔ بعد ازاں وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو کی زیر قیادت ایک آگہی واک کا آغاز کیا گیا، جو کہ سینٹرل لائبریری سے ہوتے ہوئے شعبہ جغرافیہ تک پہنچی۔

(جاری ہے)

تقریب کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ دھرتی ماں کا عالمی دن دھرتی کی حفاظت کیلئے اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔

“سیارہ بمقابلہ پلاسٹک” کے موضوع پر اقدامات کے ذریعے پلاسٹک سے پیدا ہونے والے آلودگی کے خطرات سے نمٹ کر آئیندہ کی نسل کیلئے صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلے اہم اقدامات لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد پلاسٹ کے استعمال اور پیداوار میں بڑے پیمانے پر کمی لانے کیلئے عالمی تحریک کو فروغ دلانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی یہ ہے کہ اس خوبصورت سرزمین کے لوگ دودھ اور دہی بھی پلاسٹک کی تھیلیوں میں خریدتے ہیں، خوردنی تیل بھی پلاسٹک کی تھیلیوں میں خریدا جاتا ہے۔

یہاں ایک نیا تصور ہے، جس کو ری وائلڈنگ کہا جاتا ہے۔ پرو وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی لاڑ کیمپس بدین پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی نے درختوں کے بیشمار فوائد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا اور حیاتیاتی اجناس کو فروغ دلانے سے لوگ ایک ایسا ماحول پیدا کر سکتے ہیں، جہاں انسان و فطرت ملکر ترقی کریں۔ ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر آغاز اسد نور پٹھان نے کہا کہ ہمیں ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں کو اولیت دینا چاہئے اور آلودگی کے مضر اثرات سے متعلق شعور پیدا کرنا چاہئے۔

انہوں نے اس حقیقت کو دہراتے ہوئے طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ ایک پودہ بیک وقت کئی لوگوں کو کافی آکسیجن فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم اے قاضی انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح نے کہا کہ درخت انسانیت کے دوست ہیں اور حقیقت میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ چیئرمین شعبہ جغفرافیہ ڈاکٹر سجو مل میگھواڑ نے کہا کہ زمین کئی ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، جس میں جنگلات کی کمی اور موسمیاتی تبدیلی شامل ہیں۔ اس موقع پر شائستہ ناز خان، سعداللہ راہوجو و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :