میر واعظ عمر فاروق کی طرف سے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو شاندار خراج عقیدت

پیر 22 اپریل 2024 22:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے شاعر مشرق علامہ اقبال کے 86 ویں یوم وفات پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک پیغام میں کہاکہ علامہ اقبال کا کلام جو قرآن حکیم کی ہی فلسفیانہ تشریح ہے ، نہ صرف برصغیر بلکہ پوری دنیا کیلئے ایک بے مثال، لافانی اور انمول سرمایہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے پیام میں انسان دوستی ، محبت، رواداری اور انسانی قدروں کو نمایاں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنے فلسفہ خودی کے ذریعے عرفان ذات، خدمت خلق اور معرفت خداوندی کا جو درس دیا ہے اس پر موجودہ وقت میں عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔میر واعظ نے کہا کہ علامہ کا کلام اور پیغام ہماری نئی نسل کیلئے بیداری اور عزت نفس کاذریعہ ہے جس پر عمل کرنا ایک بہتر معاشرے کی بنیاد کیلئے ضروری ہے۔