آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کے آغاز سے معاشی فضا سازگار ہوگی

یواے ای سے مزید سرمایہ کاری آنے کی توقع ہے، اماراتی بینکوں سے کمرشل قرضے بھی آئی ایم ایف پروگرام سے وابستہ ہیں، اماراتی بینکوں سے ٹریڈ فنانسنگ جلد بحال ہونے کا امکان ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 23 اپریل 2024 00:01

آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کے آغاز سے معاشی فضا سازگار ہوگی
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 اپریل 2024ء) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کے آغاز سے معاشی فضا سازگار ہوگی، متحدہ عرب امارات سے مزید سرمایہ کاری آنے کی توقع ہے۔ میڈیا کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قلیل مدتی قرضوں سے تجارتی اہداف کے حصول میں آسانی ہوگی، گزشتہ 9ماہ میں پاکستان میں معاشی استحکام پیدا ہوا ہے، اماراتی حکام پاکستان کی معیشت بہتری کے خواہشمند ہیں، اماراتی بینکوں سے کمرشل قرضے بھی آئی ایم ایف پروگرام سے وابستہ ہیں ،متحدہ عرب امارات سے مزید سرمایہ کاری آنے کی توقع ہے۔

آئی ایم ایف کے نئے پروگرام کے آغاز سے معاشی فضا سازگار ہوگی، سرمایہ کاری میں وسعت کیلئے اب حکومتی فریم ورک کی بجائے پالیسی کا اطلاق کرنا ہوگا، معاشی بہتری و استحکام کیلئے حکومت کی معاشی پالیسی میں تسلسل کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اماراتی بینکوں سے ٹریڈ فنانسنگ جلد بحال ہونے کا امکان ہے۔ مزید برآں وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات محمد اورنگزیب نے پاکستان بزنس کونسل یو اے ای کے ممبران سے ملاقات کی اور صنعت کے رہنماوں، حکومتی اداروں، مالیاتی اداروں اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس سے پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کی آمد میں آسانی ہو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ میکرو اکنامک انڈیکیٹرز نے ملک میں اندرونی اور بیرونی دونوں محاذوں پر مثبت رجحانات دکھانا شروع کر دئیے ہیں،جاری ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور نفاذ کا طریقہ کار معیشت کی سمت درست طریقے سے طے کرے گا۔انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی تاجروں کو بھی سراہا جنہوں نے پاکستان کے بہترین کاروباری طریقوں اور مستقبل کی سوچ رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول بالخصوص آئی ٹی، ڈیجیٹلائزیشن، موسمیاتی تبدیلی، زراعت اور انسانی سرمائے کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔