ورلڈ اکنامک فورم کا 2روزہ خصوصی اجلاس 28 اپریل سے ریاض میں منعقد ہو گا

منگل 23 اپریل 2024 11:10

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے زیر سرپرستی ورلڈ اکنامک فورم کا 2 روزہ خصوصی اجلاس 28 اپریل سے ریاض میں منعقد ہو گا۔ اردو نیوز کے مطابق ورلڈ اکنامک فورم کا 2 روزہ خصوصی اجلاس 28 اور 29 اپریل کو ہو گا جس کا سلوگن ’’ترقی کے لیے عالمی تعاون اورتوانائی‘‘ہے۔ اجلاس میں مختلف ممالک کے ایک ہزار سے زائد سربراہان ،پالیسی ساز اور اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

(جاری ہے)

خصوصی اجلاس میں مختلف حوالوں سے سیمینارز منعقد کیے جائیں گے جن کا مقصد پائیدار ترقی کے لیے عالمی سطح پرتعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نئی شراکت داری اورمختلف اقتصادی اور جغرافیائی سیاسی چیلنجز کا مشترکہ طورپر مقابلہ کرنا ہے، مختلف موضوعات کے سلسلے میں نمائش اورٹاک شوز منعقد ہوں گے جن میں اہم امور پرروشنی ڈالی جائے گی۔اس دوران ایک نمائش میں مملکت میں ہونے والی غیرمعمولی تاریخی تبدیلیوں اور سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت ہونے والی اقتصادی ترقی کو بھی نمایاں کیا جائے گا۔