قبضہ مافیا اور منشیات دھندے میں ملوث آخری کارندے کو کیفر کردار تک پہنچائے گے، ڈی پی او شفیع اﷲ گنڈا پور

منگل 23 اپریل 2024 11:45

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) ڈی پی او مانسہرہ شفیع اﷲ گنڈا پور نے کہا ہے کہ ضلع سے قبضہ مافیا کے آخری کارندے اور منشیات کے دھندے میں ملوث آخری منشیات فروش کو کیفر کردار تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے، کے پی پولیس شہیدوں اور غازیوں کی پولیس فورس ہے، ان کیلئے قبضہ مافیا، منشیات فروشوں اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کو ڈیل کرنا کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

وہ تھانہ سٹی کے سٹاف کو آفس بلا کر لسٹوں کا معائنہ کرنے کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب اور بے سہارا لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والے ریکارڈ یافتہ نامی گرامی قبضہ مافیا کی پروفائلنگ مکمل کر کے لسٹیں تیار کر لی گئی ہیں، تھانہ سٹی پولیس لسٹ میں موجود تمام قبضہ مافیا کے کارندوں کو تھانے میں بلا کر انہیں آخری وارننگ دیں، ان کا حکم بھی قبضہ مافیا کے کارکنوں کو سنا دیں کہ اپنے کرتوتوں سے باز آجائیں، اس سے قبل وہ جو کچھ کر چکے ہیں کر چکے ہیں، آج کے بعد اگر پورے ضلع میں سے کسی ایک کے خلاف بھی کسی کی زمین پر قبضہ کرنے یا کسی بے سہارا کو تنگ کرنے کی شکایت موصول ہوئی تو انہیں گرفتار کر کے بازاروں اور چوکوں میں گھمانے کے بعد ان کی تصاویریں ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر لگانے کے بعد انہیں ضلع بدر کر کے نشان عبرت بنائیں گے۔