زیروٹیلیج اور دیگر ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے کیلئے کاشتکاروں کے ساتھ رابطے اور آگاہی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، سرور خان

منگل 23 اپریل 2024 13:03

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے پرووائس چانسلروڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ گندم، چاول کے کراپنگ سسٹم میں زرعی یونیورسٹی زیروٹیلیج اور دیگر ٹیکنالوجیز کو فروغ دینے کیلئے کاشتکاروں کے ساتھ رابطے اور آگاہی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ سائنس کی بنیاد پر ہونے والی جدید تحقیقات کو کھیت تک پہنچا کر نہ صرف خوراک کی فراوانی کو یقینی بنایا جا سکے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ماحول و دیگر مسائل پر قابو پاتے ہوئے بہترین فضا قائم کی جا سکے۔

ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سروس پرووائیڈر کے نظام کو مضبوط بنا کر کاشتکاروں میں باقیات کو جلانے کے رحجان میں کمی لاتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد جلال عارف نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی ولولہ انگیز قیادت میں زرعی یونیورسٹی کے سائنسدان کاشتکاروں اور انڈسٹری کے ساتھ مضبوط تعلق استوار کئے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے تعاون سے حال ہی میں ایچ بی ایل نے زرعی ڈیرے کا اجراکیا جس میں کاشتکاروں کو کھاد، ادویات اور جدید ٹیکنالوجی باآسانی فراہم کی جا رہی ہے جس کا مقصد زراعت میں جدت لاتے ہوئے غذائی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈاکٹر ندیم اکبر سندھو نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے فارمز پر جدید ٹیکنالوجی کے تحت فارمنگ کی جا رہی ہے جس میں کاشتکاروں کو مدعو کر کے آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی عام کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عام کاشتکار تک ماحول دوست زرعی ٹیکنالوجی پہنچانا ناگزیر ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونیوالے مسائل پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنیوالے عناصر کی روک تھام کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں تک جدید ٹیکنالوجی کو پہنچا کر فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے رحجان کو ختم کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جو فیکٹریاں ماحول دوست قوانین پر عملدرآمد نہیں کر رہیں حکومت کی جانب سے انہیں بھاری جرمانے کئے جا رہے ہیں تاکہ سموگ اور دیگر ماحولیاتی بیماریوں پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ زرعی سائنسدان ماحول دوست قابل عمل زرعی ٹیکنالوجی کو عام کاشتکار کی دسترس تک پہنچانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر؎پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ ڈاکٹر محمد جلال عارف، ڈین فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری ڈاکٹر قمر بلال، ڈین فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز ڈاکٹر فرزانہ رضوی، ڈین انجینئرنگ ڈاکٹر انجم منیر، ڈاکٹر بابر شہباز، ڈاکٹر محمد عظیم، ڈاکٹر ندیم اکبر سندھو، ڈاکٹر شاہد ابن ضمیر، ڈاکٹر عدنان یونس و دیگر بھی موجود تھے۔