اٹک ،پب جی گیم نے دوست کے ہاتھوں دوست کا قتل کروا دیا،ملزم گرفتار

معمولی چقلش پر ملزم عبدالوہاب نے چھریوں کے وارکرکے اپنے ہی دوست چار بہنوں کے اکلوتے بھائی اشعرکی جان لے لی،پولیس نے جدید خطو ط پر تفتیش کرتے ہوئے عبدالوہاب کو گرفتار کیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 23 اپریل 2024 14:27

اٹک ،پب جی گیم نے دوست کے ہاتھوں دوست کا قتل کروا دیا،ملزم گرفتار
اٹک(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 اپریل2024 ء) اٹک کے علاقہ تھانہ رنگو کی حدود میں پب جی گیم نے دوست کے ہاتھوں دوست کو قتل کر وادیا، معمولی چقلش پر ملزم نے چھریوں کے وار سے اپنے ہی دوست کی جان لی،پولیس نے جدید ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کو قلیل وقت میں گرفتارکرلیا۔تفصیلات کے مطابق چار بہنوں کے اکلوتے بھائی 13سالہ اشعر کی ملزم عبدالوہاب کے ساتھ دوستی تھی اور دونوں اکثر پب جی گیم کھیلتے رہتے تھے وقوعہ کے روز بھی اشعر اور عبدالوہاب پب جی گیم کھیل رہے تھے کہ دونوں کے درمیان گیم کھیلتے ہوئے کسی بات پر تکرار ہو گئی جس کا ملزم عبدالوہاب کو رنج تھا اس نے معمولی چپقلش کا بدلہ لیتے ہوئے چھریوں کے وار کرکے اپنے ہی دوست اشعر کو مار ڈالا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

مقتول اشعر آٹھویں جماعت کا طالب علم اور چاربہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

(جاری ہے)

پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملنے پر جدید خطوط پر تفتیش شروع کر دی اور قلیل وقت میں ملزم عبدالوہاب کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کرلیا۔اس سلسلے میں ڈی پی او سردار غیاث کا کہناہے کہ تھانہ رنگو کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ غیرمعمولی کارکردگی پر ایس ایچ او تھانہ رنگو کو انعام دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنےوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ چند روز قبل بورےوالا میں پب جی گیم کھیلنے والے نوجوانوں نے اپنے دوست کو بے دردی سے قتل کر دیاتھا۔پولیس نے ملزمان کو واقعہ کے بعدگرفتار کرلیاتھا۔ 18 سالہ مقتول نویں جماعت کا طالب علم تھا۔بورےوالا تھانہ گگو منڈی کی حدود میں واقع نواحی گاوں 213 ای بی میں افسوس ناک واقع پیش آیا تھاجہاں پب جی گیم کھیلنے والے لڑکوں نے اپنے دوست کو ہی سامنے سے سر میں گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔

ملزمان مقتول کی لاش کو نہر کنارے چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔ واقع کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے قبضہ میں لے کر مزید تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ 18 سالہ مقتول ثاقب حسین نویں جماعت کا طالبعلم تھا اور اپنے دو دوستوں کے ہمراہ مل کر پب جی گیم کھیلتا اور یہ لوگ ٹک ٹاک بھی بناتے تھے۔پولیس نے آئی ٹی ٹیکنالوجی کی مدد سے دونوں ملزمان لقمان اور عبدالرحمان کو گرفتار کر لیا تھا۔