میری تو خواہش تھی یہاں پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتا ،کچھ وجوہات کی بناء پر ایسا ممکن نہیں ہو سکا‘ ابراہیم رئیسی

دونوں ممالک کی عوام کے دل آپس میں جڑے ہوئے ہیں ،دونوں ممالک کے عوام انقلابی انداز کی وجہ سے بھی ایکدوسرے کے نزدیک ہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کی جانب سے پاکستان کے لوگوں اور اہلیان لاہور کو سلام پیش کرتا ہوں، ایرانی صدر کی گفتگو

منگل 23 اپریل 2024 16:38

میری تو خواہش تھی یہاں پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتا ،کچھ وجوہات کی بناء ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ میری تو خواہش تھی یہاں پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتا لیکن کچھ وجوہات کی بناء پر ایسا ممکن نہیں ہو سکا ، ایران اور پاکستان کی عوام کے دل آپس میں جڑے ہوئے ہیں ،یہاں کی عوام میں دین کے حوالے سے خاص قسم کے جذبات پائے جاتے ہیںجبکہ دونوں ممالک کے عوام انقلابی انداز کی وجہ سے بھی ایک دوسرے کے نزدیک ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاعر مشرق ،مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر حاضری کے موقع پر سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی و خطیب بادشاہی مسجد عبد الخبیر آزاد بھی موجود تھے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ مجھے یہاں آ کر بالکل بھی اجنبیت کا احساس نہیں ہوا ،میں نے یہ دیکھا ہے کہ یہاں کے لوگوںکے اندر خاص قسم کے جذبات اور وابستگی پائی جاتی ہے جو ہمیں آپس میں جوڑے رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

میری تو خواہش تھی یہاں پر عوامی جلسہ منعقد کیا جاتااور میں عوام کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتالیکن کچھ وجوہات کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہو پایا ۔ پاکستان کے عوام کا بھی انقلابی انداز ہے اور اس لحاظ سے یہ ہمارے نزدیک ہیں ، یہاں کے عوام میں بھی دین کے حوالے سے خاص جذبات پائے جاتے ہیں جو بڑے دیدنی ہیں۔میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کی جانب سے پاکستان کے لوگوں اور اہلیان لاہور کو سلام پیش کرتا ہوں، یہاں کے عوام میں واقعتا دشمن کو پہچاننے اور جاننے کی خوبی موجود ہے ۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ علامہ اقبال کی شخصیت بہت اہم ہے ، وہ ایسی شخصیت تھے جو استعما ر کے سامنے کھڑے ہوئے اور انہوں نے اپنی شاعری کے ذریعے پیغام دیا کہ کس طرح اس کے سامنے کھڑے ہونا ہے ۔علامہ اقبال بزرگ و بالا ہستی تھے ، انہوں نے ساری زندگی خدا کے لئے گزاری اس لئے ہم ان کے قائل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں اہل پاکستان پر سلامتی اور سلام پیش کرتا ہوں خصوصاً اہلیان لاہور کو سلام پیش کرتا ہوں،ہمارے دل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں،پاکستان ایران دوستی زندہ باد۔