پاکستانی سفیرخلیل ہاشمی کا چینی صوبہ شان ڈونگ کے شہر لینئی کا دورہ ،سرمایہ کاری سمپوزیم سے خطاب کیا

منگل 23 اپریل 2024 17:03

پاکستانی سفیرخلیل ہاشمی  کا چینی  صوبہ شان ڈونگ کے شہر  لینئی کا دورہ ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے صوبہ شان ڈونگ کے جاری اورینٹیشن دورے کے موقع پر لینئی شہر کا دورہ کیا اور میونسپل رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں تبادلہ خیال کیا۔انہون نے لینئی میں تجارت اور سرمایہ کاری سمپوزیم سے خطاب کیا اور مختلف کاروباری اداروں اے فیلڈ وزٹ بھی کئے۔ پاکستانی سفیر نے میونسپل قیادت کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں پاکستان اور لینئی شہر کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون ،بی 2بی تبادلوں ، تعلیم اور عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر کو سٹی پلاننگ ہال کی شہری ترقی کی حکمت عملیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر نے لینئی میونسپل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کے زیر اہتمام پاکستان ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے شرکا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پالیسیوں، مراعات اور ادارہ جاتی حمایت بارے آگاہ کیا، جس میں خصوصی اقتصادی زونز اور دیگر سہولت کاری کی سکیمیں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر اضافی بات چیت بھی کی۔ انہوں نے لینئی ٹریڈ سٹی ہولڈنگ گروپ کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ 2016 میں شروع کیے گئے ٹریڈ سٹی پراجیکٹ کے ذریعے گوادر اور پاکستان کے لیے بی 2بی سرگرمیوں کی حمایت میں اس کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دیگر معروف کاروباری اداروں کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہیں شہر کی ہول سیل مارکیٹوں اور تقسیم کے مراکز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔لینئی صوبہ شان ڈونگ کا سب سے بڑا شہر ہے ، جس کی جی ڈی پی گزشتہ سال 610.5 بلین آر ایم بی تھی جو اس کے مضبوط کامرس اور لاجسٹک سیکٹر کی بدولت ہے جہاں میں متعدد ہول سیل مارکیٹس اور لاجسٹک پارکس قائم ہیں۔