بٹگرام ،شہید کانسٹیبل امجد حسین کوسرکاری اعزاز کی ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا

منگل 23 اپریل 2024 17:38

بٹگرم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) دہشت گردوں کی فائرنگ سےشہید ہونے والےکانسٹیبل امجد حسین کو سرکاری اعزاز کی ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ۔پولیس لائنز بٹگرام میں شہید کے جسد خاکی کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور بعد ازاں نماز جنازہ ادا کی گئی۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں آر پی او ہزارہ طاہر ایوب خان ، ڈی پی او بٹگرام قمر حیات خان ، ڈپٹی کمشنر بٹگرام تنویر الرحمان خان ، ایس پی انویسٹی گیشن محمد الیاس خان ، دیگر پولیس افسران ، جوانان ، سماجی و سیاسی شخصیات ، علماء کرام ، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا ، تاجر برادری اور دیگر کمیونٹی نے شرکت کی۔

آر پی او ہزارہ طاہر ایوب خان نے ڈی پی او بٹگرام ، ڈپٹی کمشنر بٹگرام کے ہمراہ جاۓ وقوعہ کا جائزہ لیا۔آر پی او ہزارہ نے کہا کہ فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے کانسٹیبل امجد حسین کو خراج عقیدت و خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ ہمارے حوصلے بلند ہیں ۔ ملک کی بقاء و سالمیت کے لیے ہم تیار ہیں ۔ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ضلع بھر میں ناکہ بندیوں اور سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے ۔ شہریوں سے گزارش ہیکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :