مہنگائی قابو کرنے کو اہم ترجیح، سدباب کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں،مفتی عدنان مدنی

منگل 23 اپریل 2024 19:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) پاکستان امن کونسل کے جنرل سکریٹری مفتی محمد عدنان مدنی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے عدم کنٹرول سے عوام کی محرومیوں میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے حتی کہ لوگوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول تک مشکل ہوتا جارہا ہے چنانچہ حکمرانوں کو چاہئے کہ مہنگائی قابو کرنے کو اہم ترجیح دیں اور مہنگائی کے سدباب کے لیے فی الفور اقدامات اٹھائیں اور اس سلسلے میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کو پہلے مرحلے میں سیاسی بنیادوں پر من پسند لوگوں کو نوازنے اور غیر ضروری اخراجات کو ختم کرنا ہوگا المدنی قرآن اکیڈمی شیرشاہ میں معززین سے گفتگو کررہے تھے مفتی عدنان مدنی نے کہا کہ ملک میں بدامنی و افراتفری کی وجوہات میں مہنگائی کا طوفان ایک بڑی وجہ ہے اور ہر آنے والے دن مہنگائی میں اضافے سے عوام کی حکمرانوں سے وابستہ امیدیں ٹوٹتی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے طوفانی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات نہ اٹھائے تو عوام اپنے آئینی بنیادی حقوق کی پامالیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے اور عوامی احتجاج میں حکمرانوں کو کہی چھپنے کا موقع بھی نہیں ملے گا۔