کوئٹہ ، صوبائی وزیرصحت کی زیر صدارت اجلاس

منگل 23 اپریل 2024 21:58

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صحت سردار زادہ میر فیصل خان جمالی نے وزارتی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد محکمہ صحت بلوچستان سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی ،سیکرٹری صحت بلوچستان عبداللہ خان نے انہیں محکمہ صحت میں سروسز کی فراہمی اور جاری منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی ، اس موقع پراسپیشل سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن قمبرانی ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت عتیق اللہ خان ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت عارف خان ، ڈپٹی سیکرٹری صحت یاسر دشتی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئےتندہی اور سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ہے، ہسپتالوں میں طبی و عمومی سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جاررہے ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن کے مطابق بلوچستان میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ جاتی اصلاحات کے ساتھ ساتھ قابل عمل حکمت عملی پر کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

علاج معالجہ کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناکر سرکاری ہیلتھ کئیر سسٹم میں بہتری لائی جائے گی ،سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے افراد کو صحت کی بہتر اور معیاری سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جاے گی، ضلعی افسران صحت اپنے اضلاع میں قائم ہسپتالوں کی کارکردگی کو فوری طور پر بہتر بنا ئیں ۔محکمہ صحت میں کسی بھی سطح پر کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی ، کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جاے گی، وزیر صحت بلوچستان نے کہا کہ پارٹی قیاد ت اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کرتے ہو ئے محکمہ صحت بلوچستان کا قلمدان تفویض کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے اور محکمہ صحت کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔