چینی کمپنی کا چپ اور کارڈز مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کرنے کا اظہار

چینی کمپنی نے پلانٹ لگانے کیلئے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں زمین بھی مانگ لی، اسپیشل اکنامک زونز میں10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ کی سہولت ہے۔ وزیرصنعت وتجارت پنجاب چودھری شافع حسین کی وفد سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 23 اپریل 2024 19:12

چینی کمپنی کا چپ اور کارڈز مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کرنے کا اظہار
لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 اپریل 2024ء) چینی کمپنی نے چپ اور کارڈز مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کرنے کا اظہار کیا ہے، چینی کمپنی نے پلانٹ لگانے کیلئے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں زمین بھی مانگ لی، وزیرصنعت وتجارت پنجاب چودھری شافع حسین نے کہا کہ اسپیشل اکنامک زونز میں10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ کی سہولت ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرصنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں چین کی چپ مینو فیکچرنگ کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔

چینی کمپنی نے چپ اور دیگر کارڈز کی مینو فیکچرنگ میں سرمایہ کاری میں  دلچسپی کا اظہار کیا۔  چینی کمپنی ایکس ایچ سمارٹ ٹیک لمیٹڈ کیانڈریو لی آنگ نے کہا کہ ہمارا گروپ پنجاب میں چپ مینو فیکچرنگ کا پلانٹ لگانا چاہتا ہے اس لئے بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں زمین دی جائے۔

(جاری ہے)


صوبائی وزیر صنعت و تجارت  چوہدری شافع حسین نے  وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے انڈسٹریل زونز میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

سپیشل اکنامک زونز میں دس سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت ہے۔ چینی کمپنی انڈسٹریل زون میں سرمایہ کاری کرے ہر ممکن سہولت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چپ اور کارڈ مینو فیکچرنگ میں سرمایہ کاری کا وسیع سکوپ موجود ہے۔ پنجاب حکومت چینی کمپنی کو چپ مینو فیکچرنگ کا پلانٹ لگانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانا میرا عزم ہے۔ صوبے میں سرمایہ کار دوست ماحول موجود ہے۔ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے ہر ممکن سہولتیں دے رہے ہیں۔ سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن اور چینی کمپنی ایکس ایچ سمارٹ ٹیک لمیٹڈ کے عہدیدار ملاقات میں موجود تھے۔