پی ایس ایکس میں ماہانہ اسلامک انڈیکس ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈ کی لسٹنگ پر گونگ کی تقریب کاانعقاد

منگل 23 اپریل 2024 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)نے ماہانا ویلتھ لمیٹڈ کے زیر انتظام ماہانہ اسلامک انڈیکس ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈ (ایم آئی آئی ای ٹی ایف)کی لسٹنگ کے لیے رسمی طور پرروایتی گونگ کی تقریب کا انعقاد کیا۔ چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید اورپاکستان میں سویڈن کے سفیر مسٹر ہنرک پرسن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں ماہانہ ویلتھ لمیٹڈ کے شریک بانی اور سی ای او محمد شمعون طارق،ایم ڈی اور سی ای او پاکستان اسٹاک ایکسچینج فرخ ایچ خان، اور ایس ای سی پی، پی ایس ایکس اور ایم ڈبلیو ایل کی سینئر مینجمنٹ نے شرکت کی۔چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید، ، پاکستان میں سویڈن کے سفیر ہنریک پرسن اور دیگر مہمانان خصوصی کا تقریب میں خیر مقدکرتے ہوئے پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان نے کہا کہ ہم آپ سب کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ماہانا اسلامک انڈیکس ای ٹی ایف کی لسٹنگ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں خوش آمدید کہتے ہیں، میں ماہانا ویلتھ لمیٹڈ کو اس اقدام کی سربراہی کرنے اور سرمایہ کاری کے مواقع تک رسائی کوآسان بنانے کے لیے اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے لیے ان کی وابستگی کی تعریف کرنا چاہوں گا۔

(جاری ہے)

پاکستان میں پہلے لائسنس یافتہ ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے مشیر کے طور پر ماہانا ویلتھ کی اہم کوششیں سرمایہ کاری کے منظر نامے کو نئی شکل دینے اور ڈیجیٹل معیشت کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے میں مدد کر رہی ہیں۔یہ اقدام درحقیقت کیپٹل مارکیٹ کو ترقی دینے کے لیے پی ایس ایکس کے تین اہم اسٹریٹجک مقاصد کو پورا کرتا ہے۔ سب سے پہلے سرمایہ کاروں کے لیے نئی مصنوعات لانا، دوسرا سرمایہ کاروں کے لیے کیپٹل مارکیٹوں تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا، پی ایس ایکس ایک ایسے شعبے پر پوری طرح توجہ مرکوز کرتا ہے اور تیسرا اسلامی کیپٹل مارکیٹوں کو ترقی دینا۔

مجھے یقین ہے کہ یہ ایک بہت کامیاب پروڈکٹ ہو گا ۔انہوں نے ایس ای سی پی کی جانب سے مکمل معاونت پر چیئرمین ایس ای سی پی کا شکریہ ادا کیا اور ماہانا ویلتھ لمیٹڈ، جے ایس گلوبل کیپٹل اورپی ای ایکس کی ٹیموں کو سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری کے مزید ایک اور جدید آپشن متعارف کرانے پر مبارکباد پیش کی۔ماہانا ویلتھ لمیٹڈ کے شریک بانی اور سی ای او محمد شمعون طارق سی ایف اے نے کہاکہ ماہانا ویلتھ پاکستان کی مالیاتی مارکیٹ کو عالمی مارکیٹوں جیسا بنانے کے وژن کے ساتھ بنایا گیا ہے کیونکہ پاکستان کی مالیاتی مارکیٹ کا استعمال ناقص ضوابط اور پرانی ٹیکنالوجی کی وجہ سے کم ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ایس ای سی پی، پی ایس ایکس، سی ڈی سی اور بروکریج انڈسٹری کے ساتھ قریبی تعاون کے بعد ماہانا ویلتھ نے ریگولیٹر کو ریگولیشنز کو اپ ڈیٹ کرنے میں مدد فراہم کی اور اب ریٹیل سرمایہ کاروں کو میوچل فنڈز،ا سٹاک مارکیٹ اور ریٹائرمنٹ اکائونٹس کو بغیر کسی رکائوٹ کے کھولنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اب ہم ریٹیل کی بنیاد پر سرمایہ کاری کی مصنوعات متعارف کرانے پر کام کر رہے ہیں اورماہانا اسلامک انڈیکس آئی ٹی ایف ریٹیل سرمایہ کاروں کے لیے ہماری پہلی ایکویٹی پروڈکٹ ہے جو ایک متنوع شرعی کمپلائنٹ انڈیکس ٹریکر کے ذریعے مارکیٹ تک پہنچ سکتی ہے۔

ہمارا مقصد ای ٹی ایف کی تقسیم کے لیے بروکرز کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے اور مشترکہ طور پر سرمایہ کاروں کو ایجوکیٹ کرنے کی مہم شروع کرنا ہے۔ انہوں نے ایس ای سی پی اور پی ایس ایکس کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس سفر میں تعاون کیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید نے اس ای ٹی ایف کو متعارف کرانے کو ملک میں اسلامی مالیاتی مارکیٹ کی ترقی میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

ماہانا نئی قسم کی اے ایم سی میں پہلاہے جو ایس ای سی پی کے ریگولیٹری سینڈ باکس سے آگے بڑھ رہا ہے۔عاکف سعید نے کہا کہ مالی سا لمیت اور استحکام کے محافظوں کے طور پر، یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم سرمایہ مارکیٹوں کی ترقی کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دیں اور سرمایہ کاروں کو ایسے مواقع فراہم کریں جو ان کے سرمایہ کاری کے اہداف کے مطابق ہوں۔مہمان خصوصی پاکستان میں سویڈن کے سفیر مسٹر ہنرک پرسن کا کہنا تھا کہ سویڈن اور پاکستان کے درمیان بہت اچھے دوطرفہ تعلقات ہیں اور پاکستان میں سویڈش کمپنیوں کی مضبوط موجودگی ہے۔

سویڈش اور پاکستانی تاجر برادری کے درمیان گرین ٹیک، آئی ٹی اور ڈیجیٹلائزیشن کے ساتھ ساتھ ٹیکسٹائل سمیت کئی شعبوں میں مزید اقتصادی شراکت داری کے امکانات زیادہ ہیں۔سویڈن میں جڑیں رکھنے والی کمپنی ماہانا کے جشن کے ساتھ آج کی تقریب پاکستانی اسٹاک ایکسچینج میں داخل ہونا ہمارے اقتصادی تعلقات میں ایک دلچسپ سنگ میل ہے۔گونگ کی تقریب کے بعد چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید، پاکستان میں سویڈش سفیر مسٹر ہنریک پرسن، ایم ڈی فرخ ایچ خان اور سی ای او پی ایس ایکس کو شیلڈ پیش کی گئیں۔

ایم آئی آئی ای ٹی ایف کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 11مارچ 2024 کو لسٹنگ ہوئی، ای ٹی ایف کا مقصد ماہانا اسلامک انڈیکس (ایم آئی آئی 30)کی کارکردگی کو ٹریک کرنا ہے جس کے تحت سرمایہ کاروں کو طویل مدتی تعریف اور منافع کی پیداوار فراہم کرنے کے لیے انڈیکس کو وقتا فوقتا دوبارہ متوازن اور دوبارہ تشکیل دیا جاتا ہے۔ انڈیکس ظاہر کرتا ہے کہ شرعی قوانین کی پیروی کرنے والی صف اول کی 30کمپنیاں کتنی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

یہ کمپنیاں کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس سے منتخب کی گئی ہیں۔ ان کا انتخاب اس بنیاد پر کیا جاتا ہے کہ ان کے کتنے حصص تجارت کے لیے دستیاب ہیں اور انہیں گزشتہ سال سے ہر روز کم از کم10ملین روپے کی تجارت کرنے کی ضرورت ہے۔یہ دوسرا اسلامی ایکویٹی ای ٹی ایف ہے۔ یہ شریعت سے آگاہ سرمایہ کاروں کو شریعت کے مطابق 30سرفہرست کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ جے ایس گلوبل کیپیٹل اس بات کو اس ای ٹی ایف کے لیے مارکیٹ میکر اور مجاز شرکت کار مقرر کیا گیا ہے۔