فیصل آباد میں 2 لاکھ گانٹھ سے زائد کپا س کاحصول یقینی بنایا جا ئے گا،ڈائریکٹر زراعت

بدھ 24 اپریل 2024 12:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) فیصل آباد میں 1 لاکھ18 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کرکے2 لاکھ گانٹھ سے زائد کپا س کاحصول یقینی بنایا جا ئے گا۔ڈائریکٹر زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید کے مطابق تمام اضلا ع وتحصیلوں کی سطح پر کپاس کی زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت، بہتر دیکھ بھال اور زرعی مداخل کی بروقت فراہمی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اگیتی کپاس اگاؤ مہم کو کامیاب بنانے کی غرض سے گاؤں کی سطح پر تربیتی پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کپاس کی کاشت، بہتر دیکھ بھال اور پیداوار میں اضافہ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے کیونکہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے ڈویژن و ضلعی انتظامیہ،محکمہ زراعت و دیگر اسٹیک ہولڈرز ملکر کاوشیں کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معیاری زرعی مداخل، زرعی ادویات، کیمیائی کھادوں اور نہری پا نی کی بروقت دستیابی کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے جبکہ محکمہ زراعت کے علاوہ دیگر سٹیک ہولڈرز پرائیویٹ سیڈ کمپنیوں اور ترقی پسند کاشتکاروں پر مشتمل گاؤں کی سطح پر164 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کپاس کی فصل کی کاشت اور بہتر دیکھ بھال کیلئے کاشتکاروں کی فنی رہنمائی میں مصروف عمل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگیتی کپاس کی جاری مہم کے باعث کاشتکار فصل کی بوائی میں دلچسپی لے رہے ہیں نیززرعی ماہرین پرمشتمل فیلڈٹیمیں کپاس کی کاشت کے علاوہ فصل کی بہتر دیکھ بھال بارے کاشتکاروں کی رہنمائی میں مصروف عمل ہیں اور اعلیٰ کوالٹی کے حامل بیجوں، زرعی ادویات اور کھادوں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ساز گارموسمی حالات،کاشتکاروں کی بھر پور محنت اور زرعی ماہرین کی فنی رہنمائی سے پیداواری اہداف کے حصول ممکن ہو گا۔

متعلقہ عنوان :