فیصل آباد،کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کی فصل کو کیڑوں کے حملے سے بچائو کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت

بدھ 24 اپریل 2024 13:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) ڈائریکٹر شعبہ پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباد ڈاکٹر عامر رسول نے کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کی فصل کو بیماریوں اور کیڑوں کے حملے سے بچانے کے لئے فوری حفاظتی و تدارکی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ چست تیلا اور سست تیلا پودے کے پتوں سے رس چوستے ہیں جس سے پتوں پر سفید نشان بن جاتے ہیں اور پتے خشک ہو جاتے ہیں نیز سست تیلے کے جسم سے خارج ہونے والے لیسدار مادہ کی وجہ سے پتوں پر پھپھوندی لگ جاتی ہے جس سے پتوں کے خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے اس کے علاوہ یہ پولن (زردانے) کو بھی نقصان پہنچاتا ہے جس کی وجہ سے چھلیوں میں دانے کم بنتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ امریکن سنڈی فصل کے نرم پتوں کو کھاتی ہے اور چھلیاں بننے پر دانوں کو کھا کر نقصان پہنچاتی ہے، اسی طرح مکئی کے گڑوویں کی سنڈیاں سوائے جڑ کے تمام حصوں پر حملہ کرتی ہیں جوپتوں اور بھٹوں کے پکے دانوں کو بھی کھا جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ لشکری سنڈیاں گروہ کی شکل میں انڈوں سے نکل کر پتوں کو نچلی سطح سے اس طرح کھاتی ہیں کہ پتوں کی صرف جھلی باقی رہ جاتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ سنڈی کا حملہ ٹکڑیوں کی صورت میں ہوتا ہے اور بڑی سنڈی بھٹوں سے نکلنے والے سلک کو بھی کھا جاتی ہے جس سے چھلی میں دانے بننے کا عمل رک جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لشکری سنڈی کا حملہ اگر ٹکڑیوں کی صورت میں ہو تو انڈے اور سنڈیاں ہاتھ سے پکڑ کر تلف کردیں جبکہ نر پروانوں کی تلفی کے لئے روشنی کے پھندے لگائیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار نقصان رساں کیڑوں اور سنڈیوں کے کیمیائی انسداد کے لئے زرعی ماہرین کی سفارش کردہ کیڑے مار زہروں کا استعمال کریں۔