پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں 26 اپریل کو مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گا

بدھ 24 اپریل 2024 14:19

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں 26 اپریل بروز جمعہ کو مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گا ۔ پہلا میچ واپڈا اور غنی گلاس ، دوسرا میچ اسٹیٹ بینک اور ایچ ای سی جبکہ تیسرا میچ کے آر ایل اور پی ٹی وی کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ پی سی بی کے زیر اہتمام پریذیڈنٹ کپ کے دلچسپ مقابلے راولپنڈی اور ایبٹ آباد میں جاری ہیں ۔

ٹورنامنٹ میں 26 اپریل کو پہلے میچ میں واپڈا اور غنی گلاس کی ٹیمیں کے شعیب اختر اسٹیڈیم ، راولپنڈی میں مدمقابل ہوں گی ، دوسرا میچ اسٹیٹ بینک اور ایچ ای سی کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرے میچ میں کے آر ایل اور پی ٹی وی کی ٹیمیں ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی ۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے مطابق 50 اوورز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں 7ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں ایس این جی پی ایل ، واپڈا ، پی ٹی وی ، اسٹیٹ بینک ، ہائر ایجوکیشن کمیشن ، کے آر ایل اور غنی گلاس شامل ہیں ۔

21 لیگ میچوں کے بعد ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی ۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 9 مئی ، دوسرا سیمی فائنل 10 مئی جبکہ فائنل 12 مئی کو کھیلا جائے گا ۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے ، فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ساتھ 15 لاکھ روپے ملیں گے ۔