بھارت،حادثے میں بیوی ہلاک، شوہر نے بھی خود کشی کر لی

ہم ساتھ رہیں گے اور ساتھ ہی مریں گے،خودکشی سے پہلے اہلیہ کے نام پیغام

بدھ 24 اپریل 2024 17:36

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک رہائشی نے اہلیہ کی روڈ حادثے میں ہلاکت سے دلبرداشتہ ہو کر ایک روز بعد خود کشی کر لی۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی پولیس نے بتایاکہ خود کشی کرنے والے شخص نے ایک نوٹ بھی چھوڑا ہے جس میں اس کا اہلیہ کے لیے پیغام میں لکھنا تھا کہ ہم ساتھ رہیں گے اور ساتھ ہی مریں گے۔

اترپردیش کے 36 سالہ رہائشی، یوگیش کمار نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا، اس کی 28 سالہ بیوی مانی کارنیکا کماری ایک نرس تھی جس کی ایک روز قبل ہی سرسا تھانے کے علاقے میں ہائی وے پر ایک روڈ حادثے میں موت ہو گئی تھی۔بھارتی میڈیا کے مطابق یوگیش کمار ٹیچر تھا اور اس کی مانی کارنیکا سے چھ ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

سورسا اسٹیشن ہاس آفیسر (ایس ایچ او) اندریش کمار یادیو کا بتانا ہے کہ مانی کارنیکا پرائمری ہیلتھ سینٹر جا رہی تھی جہاں وہ بطور نرس ملازم تھی، اس کی اسکوٹر ایک نامعلوم گاڑی سے جا ٹکرائی تھی جس کے نتیجے میں مانی کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی تھی۔

ایس ایچ او یادیو کے مطابق مانی کارنیکا کے شناختی کارڈ اور موبائل نمبر کی مدد سے اس کی شناخت کی گئی اور اس کے شوہر کو اطلاع دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے اطلاع ملنے پر یوگیش موقع پر پہنچا اور گھر واپس آنے سے قبل وہ اپنی بیوی کا سامان بھی ساتھ لے آیا تھا۔یوگیش نے اس حادثے کے بعد اپنے آپ کو ایک کمرے میں بند کر لیا تھا، جب اہلِ محلہ تعزیت کے لیے اس کے گھر پہنچے تو انہوں نے یوگیش کو گھر کے ایک کمرے لٹکا ہوا پایا۔