وائلڈلائف کومبنگ آپریشن کے دوران نایاب جنگلی جانوروں کی کثیر تعداد بازیاب ،13ملزم گرفتار

بدھ 24 اپریل 2024 20:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2024ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب مدثر ریاض ملک کی زیر نگرانی صوبہ بھر میں جاری وائلڈلائف کومبنگ آپریشن کے دوران لاہور سے ایک نایاب لگڑ بگڑ سمیت راولپنڈی اور سرگودھا ریجن سے درجنوں تحفظ شدہ جنگلی پرندے برآمد کرلیے گئے اورخلاف ورزی کے مرتکب 13ملزمان کو دو لاکھ بارہ ہزارروپے جرمانہ کیاگیا ۔

تفصیل کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن تنویر احمد جنجوعہ نے ایک خفیہ اطلاع موصول ہونے پر اپنی سربراہی میں ایک خصوصی وائلڈلائف اسکواڈ کے ہمراہ بیدیاںروڈ پر ایک زرعی فارم پرچھاپہ مار کر ایک نایاب جنگلی لگڑ بگڑ برآمد کرکے قانونی کارروائی شروع کردی جبکہ لگڑ بگڑ کو سفاری زو منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

ایسی ہی ایک دیگر کامیاب کارروائی کے دوران ٹولنٹن مارکیٹ لاہور شہر سے ایک برڈز شاپ پر غیرقانونی رکھی02کالے تیتر ،02گانی دار طوطے ضبط کرکے ملزم کو مبلغ دس ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹادیا اور ضبط شدہ پرندے جلو وائلڈلائف پارک منتقل کردئیے ۔

اسی طرح کی متعددکامیاب کارروائیوں کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف احسان احمد راجہ کی سربراہی میں وائلڈلائف سٹاف راولپنڈی ریجن نے 45را ، کاک ٹیل ، رنگنیکڈاور گانی دار طوطے چار ملزمان سے برآمد کرنے سمیت فاختہ ( ٹوٹرو) کے غیرقانونی شکار میں ملوث پانچ شکاریوں کو دو بندوقوں سمیت گرفتار کرکے مجموعی طور پر ایک لاکھ سینتالیس ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ ضبط کئے گئے تمام جنگلی پرندوں کو عدالتی حکم پر کالا چٹا نیشنل پارک میں آزاد کردیا ۔

ایسے ہی ایک دیگر کامیاب چھاپے کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف سرگودھا ریجن عروج ظہیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ معصوم چڑیوں کی نیٹنگ میں مصروف 03شکاریوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے پچاس کے لگ بھگ چڑیاں اور نیٹنگ گیئرز برآمد کرلیے اور کیس کمپائونڈ کرکے تینوں ملزمان کو55ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے چڑیاں قدرتی ماحول میں آزاد کردیں۔