ایرانی صدر کا دورہ دونوں برادر ممالک کے مابین قریبی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے، میاں راشد اقبال

بدھ 24 اپریل 2024 22:27

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر میاں راشد اقبال نے کہا ہے کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران تجارت کے فروغ کے لیے 10 ارب ڈالر مفاہمت کی یاددا شتوں پر دستخط اس بات کا مظہر ہیں کہ دو نوں ممالک باہمی تعاون اور اقتصادی تعلقات کو مستحکم کر نے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے مابین قریبی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے کیونکہ دونوں رہنما تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔

میاں راشد اقبال نے کہا کہ ان ایم او یوز کا مقصد ہموار تجارتی سہولیات کی فراہمی، محصولات میں کمی اور کسٹم کے طریقہ کار کو سہل بنا کر دونوں ممالک میں تجارت اور بزنس کمیونٹی کے لیے نئے مواقع کھولنا ہے۔

(جاری ہے)

اس اقدام سے اقتصادی و ثقافتی تعلقات بہتر اور عوامی سطح پر روابط زیادہ مستحکم ہونگے جبکہ ایران اور پاکستان کے مابین تجارتی تعلقات کا فروغ علاقائی استحکام اور خوشحالی میں بھی اضافے کا باعث بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کو سکیورٹی خدشات جیسے مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے۔ تجارت، اقتصادی ترقی اور قریبی اقتصادی تعاون سے ان خدشات میں بھی کمی آئے گی اور ماحول بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تجارت سے ہٹ کر یہ دورہ علاقائی مسائل کے حل اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں سفارتکاری کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ کھلی اور تعمیری بات چیت سے دونوں ممالک مشترکہ اہداف کی طرف پیشرفت اور اختلافات میں کمی لا سکتے ہیں۔ میاں راشد اقبال نے کہا کہ یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم ہے اور اس سے تجارت، توانائی اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا بہترین موقع میسر آیا ہے۔