بھارتی میڈیا عوام کے مسائل اجاگر کرنے کی بجائے مودی کے گن گاتا ہے،راہول گاندھی

بدھ 24 اپریل 2024 19:50

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ بھارت کا میڈیا عوام کے مسائل اجاگر کرنے کے بجائے مودی کے گن گاتا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے سب سے بڑے مسائل بیروزگاری اور مہنگائی ہیں لیکن میڈیا کے نزدیک سب سے ضروری مسئلہ امبانی کی شادی ہے۔

انہوںنے کہاکہ میڈیا پر 24گھنٹے نریندر مودی کا چہرہ دکھایا جاتا ہے، کبھی وہ سمندر کی تہہ میں دکھائی دیتے ہیں ، کبھی جہاز میں اڑ رہے ہوتے ہیں اور کبھی انہیں تھالی بجاتے ہوئے دکھایاجاتا ہے۔انہوں نے کہا بھارتی میڈیا میں یہ کون لوگ بیٹھے ہیں جو بھارتی عوام اور ان کے مسائل پر بات ہی نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

راہول گاندھی نے کہاکہ میں نے میڈیا اداروں کے مالکان اور بڑے بڑے اینکرز کی فہرست بنائی ہے، یہ تمام لوگ اونچی ذاتوں اور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، بھارت میں غریب لوگوں اور نچلی ذاتوں کی 50فیصد آبادی ہے جن میں سے ٹی وی پر ایک بھی اینکر آپ کو نظر نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ دو سے تین فیصد لوگوں کو بھارتی میڈیا میں ملازمتیں ملتی ہیں اور 15سے 20افراد بھارتی میڈیا کو کنٹرول کرتے ہیں اوریہ لوگ 24گھنٹے نریندر مودی کے گن گاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ طے ہے کہ میڈیا کے لوگوں کا تعلق عام بھارتی عوام سے نہیں اور نہ یہ ان میں سے ہیں۔راہول گاندھی نے کہا کہ لوگوں نے دیکھا کہ کسانوں نے اپنے مسائل پر احتجاج کیا تو میڈیا نے انہیں دہشتگرد بناکر پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی میڈیا بیروزگاری اور مہنگائی کی بات نہیں کرتااوران لوگوں کا کام عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا ہے۔