نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ ،کراچی،لاہور اور ملتان نے کامیابی حاصل کرلی

بدھ 24 اپریل 2024 20:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں بدھ کے روز کھیلے گئے میچوں میں کراچی۔لاہور اور ملتان نے کامیابی حاصل کرلی۔تفصیلات کیمطابق اقبال اسٹیڈیم میں کراچی نے راولپنڈی کو 36 رنز سے ہرادیا۔کراچی کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 190 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔حورینہ سجاد نے سات چوکوں کی مدد سے 76 رنز اسکور کیے۔

عروب شاہ نے 44 رنز بنائے۔حمنہ بلال نے 25 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں راولپنڈی کی ٹیم نو وکٹوں پر 154 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔ ماہم انیس نے 56 رنز اسکور کیے۔انوشے ناصر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ چار بیٹرز رن آؤٹ ہوئیں۔حورینہ سجاد پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔دوسری جانب جواد کلب گراؤنڈ میں لاہور نے کوئٹہ کو 88 رنز سے ہرادیا۔

(جاری ہے)

لاہور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

کائنات حفیظ 58 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔نورین یعقوب نے 31 رنز بنائے۔عائشہ امجد نی44 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں کوئٹہ کی ٹیم 111 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔ سب سے بڑا اسکور 28 رنز ایکسٹرا کے تھے۔نورین یعقوب نے 22 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ اپنی آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔دریں اثناء بوہڑانوالی گراؤنڈ میں ملتان نے پشاور کو چار وکٹوں سے ہرادیا۔ پشاور کی ٹیم 101 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ علینہ شاہ نے 50 رنز بنائے۔نورالایمان نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں ملتان نے چھ وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ تسمیہ رباب نی26 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں۔مومینہ ریاست نے تین وکٹیں حاصل کیں۔