متروکہ وقف املاک بورڈ کی اراضی پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن کی ضرورت ہے، وزیر قانون

متروکہ وقف املاک بورڈ اس مقصد کیلئے خصوصی فورس تشکیل دینا چاہتا ہے، وفاقی حکومت اس سلسلے میں ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گی، اعظم نذیر تارڑ

بدھ 24 اپریل 2024 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا ہے کہ ملک بھر میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی اراضی پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن کی ضرورت ہے، متروکہ وقف املاک بورڈ اس مقصد کیلئے خصوصی فورس تشکیل دینا چاہتا ہے، وفاقی حکومت اس سلسلے میں ہر ممکنہ مدد فراہم کرے گی۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں شذرہ منصب علی خان اور دیگر کے ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک پر غیر قانونی تجاوزات یا تعمیرات سے متعلق توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ یہ اہم معاملہ ہے، ننکانہ صاحب میں 16 ہزار 931 ایکڑ کی زرعی اراضی ہے جس پر قبضوں کامعاملہ بھی ہے جو 1965 سے حل طلب ہے، مقامی لوگ بھی اس میں ملوث ہیں، پھر اس پر تعمیرات اور اب مکانات بن چکے ہیں، اس پر 14 ہزا رغیر قانونی تعمیرات ہیں، 2015 میں حکومت نے اس کیخلاف آپریشن کیا، اس میں کامیابی بھی ملی تاہم 2016 میں یہاں متروکہ وقف املاک بورڈ کا دفتر نذر آتش کر دیا گیا، ہنگامے پھوٹ پڑے، پھر لوگوں کو مذاکرات کے میز پر لایا گیا۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے اس کا نوٹس لے کر کمیشن مقرر کرنے کی ہدایت کی ، ایک سابق سینئر پولیس آفیسر شعیب سڈل کی سربراہی میں کمیشن بنا، یہ کمیشن اپنا کام کر رہا تھا، ایف آئی اے کو بھی ٹاسک دیا گیا۔ انہوںنے کہاکہ1447 ایکڑ اراضی غیر قانونی طور پر ہائوسنگ سوسائٹیوں اور ٹائونز کے قبضے میں ہے، کچھ سرکاری محکموں کے پاس بھی اراضی ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت تجاوزات کے خاتمے کیلئے پہلے بھی پرعزم تھی اور اب بھی ہے، اس کیلئے بڑی سطح کے آپریشن کی ضرورت ہے،حکومت تمام فریقین سے مشاورت کر کے اس پر عملدرآمد کرے گی،یہ ایک سنجیدہ اور سنگین مسئلہ ہے، جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ کے احکامات اور شعیب سڈل کمیشن رپورٹ کی سفارشات کو مدنظر رکھ کر حکمت عملی تشکیل دیں گے۔ مقامی ارکان کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا، مقامی کمیونٹی کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ یہاں بڑے آپریشن کی ضرورت ہے تاہم اس میں ڈائیلاگ کا پہلو بھی ساتھ میں رکھا جائے گا۔ شذرہ منصب علی خان کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ یہ ایک حساس معاملہ ہے گرونانک کے مزار کی وجہ سے یہ اہم شہر ہے۔

20 فیصد اراضی واگزار کرائی گئی تھی۔ تجاوزات کیخلاف مہم کیلئے 50 کے قریب سکیورٹی گارڈ تعینات کئے گئے ہیں۔ وفاقی حکومت تمام ممکنہ مدد کرے گی۔ عقیل ملک کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس بارے میں تمام تفصیلات لے کر آئندہ اجلاس میں آگاہ کر دیں گے۔ سردار محمد یوسف کے سوال کے جواب میں وزیر قانون نے بتایا کہ کتنی اراضی پر قبضہ ہوا ہے کہ بتانا مشکل ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن کی ضرورت ہے۔ بورڈ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے فورسز تشکیل دینا چاہتا ہے وفاقی حکومت متروکہ وقف املاک بورڈ کی اراضی پر قبضہ کے خاتمے کیلئے بھرپور مدد فراہم کرے گی۔