کاشتکار30 اپریل تک کاشتہ کپاس کی فصل میں پودوں کی تعداد17500 فی ایکڑ رکھیں، خالد محمود

جمعرات 25 اپریل 2024 11:59

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) کاشتکار30 اپریل تک کاشتہ کپاس کی فصل میں پودوں کی تعداد17500فی ایکڑ اوریکم مئی سی30 مئی تک کاشتہ کپاس کی فصل میں پودوں کی تعداد23 ہزار پودے فی ایکڑ رکھیں اور چھدرائی کا عمل بوائی کے 20 سی25 دن کے اندرمکمل کرتے ہوئے فالتو پودے نکال دیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری خالد محمود نے بتایا کہ محکمہ زراعت نے امسال کپاس کی ریکارڈ پیداوار حاصل کر نے کیلئے کاشتکاروں کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ محکمہ زراعت کے افسران گاؤں گاؤں جا کر کپاس کے کاشتکاروں کو جدید پیداواری ٹیکنالوجی اور کپاس کی مختلف بیماریوں سمیت کیڑے مکوڑوں کے حملوں کے خلاف زبر دست قوت مدافعت رکھنے والی اقسام کے بارے میں روشناسی فراہم کر رہے ہیں تاکہ کپاس کی کاشت اور پیداوار کیلئے مقرر کردہ اہداف کا حصول یقینی ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کو بوائی سے چنائی تک خصوصی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ ذرا سی بھی غفلت فصل کو نقصان پہنچانے کا موجب بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار30اپریل تک کاشتہ فصل میں پودے سے پودے کا فاصلہ 9سے 12انچ جبکہ یکم مئی سے 31مئی تک کاشتہ فصل میں پودے سے پودے کا فاصلہ 6سے 9انچ رکھیں اور کھیلیوں سے کھیلیوں کا فاصلہ اڑھائی فٹ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کپاس کی زیادہ سے زیادہ پیداوار کیلئے حکومت پنجاب نے ٹھوس اقدامات کئے ہیں تاہم کپاس کے کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کرکے بہترین نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کپاس کے کاشتکار محکمہ زراعت کی طرف سے فراہم کردہ مفت سہولیات سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور کپاس کا ہدف حاصل کرنے کیلئے دن رات ایک کردیں۔انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت کی فراہم کردہ سہولتوں کے ساتھ جب کسان محنت اور لگن سے کام کرے گاتوکوئی وجہ نہیں کہ وہ ہدف حاصل نہ کرسکے۔

انہوں نے کہاکہ کسان نے گندم کی ریکارڈ پیداوار فراہم کی ہے اور امید ہے کہ وہ کپاس کی بھی ریکارڈ پیداوار حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ کپاس ہماری سب سے نقد آور فصل ہے اسلئے اسے ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کا پودا گرمی کو پسند اور سردی کو نا پسند کرتا ہے لہٰذا گندم کی کٹائی کے بعد کپاس کی بی ٹی اقسا م کا انتخا ب مو زوں علاقے، دستیاب وسائل، مقا می معلوما ت اور پچھلے سا لو ں کے تجربات کی روشنی میں کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار چھدرائی کرتے وقت کمزور اور بیمار پودوں کو ضرور نکالیں۔انہوں نے کہا کہ مزید معلومات یا رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔