فیصل آباد،کپاس کے کاشتکاروں کو بروقت چھدرائی کرکے پودوں کا درمیانی فاصلہ پورا کرنے کی ہدایت

جمعرات 25 اپریل 2024 12:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ترجمان نے کپاس کے کاشتکاروں کو بروقت پودوں کی چھدرائی کرکے پودے سے پودے کادرمیانی فاصلہ پورا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چھدرائی کاعمل بوائی کے 20 سے 25 دن کے اندریا پہلے پانی سے پہلے یا خشک گوڈی کے بعد مکمل کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بروقت چھدرائی سے کپاس کی اچھی پیداوارحاصل کی جاسکتی ہے تاہم اس کے لئے قطاروں میں پودوں کا آپس میں درمیانی فاصلہ وقت پر برقرار رکھناانتہائی اہمیت کا حامل ہے تاکہ پودے جگہ کی مناسبت سے بہترین بڑھوتری کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ فاصلہ چھدرائی کے ذریعے ضرورت سے زیادہ پودوں کو نکال کر ہی پورا کیا جاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ یہ عمل ہر حالت میں ایک ہی دفعہ مکمل کیاجائے اور پودوں کی تعداد بھی 30اپریل تک 17500سے 23000تک اور یکم سے 15مئی تک 23000سے 35000 فی ایکڑ رکھی جائے۔ انہوں نے کہاکہ جن علاقوں میں وائرس کاحملہ شدید ہوتاہے وہاں چھدرائی کا عمل پہلے پانی کے بعد مکمل کرتے ہوئے متاثرہ پودوں کو تمام ممکن حد تک نکال دیناچاہیے تاکہ فصل متاثر نہ ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :