پورے جنوبی لبنان پر حملے کر رہے، حزب اللہ کے نصف فیلڈ کمانڈرز کو مار ڈالا، اسرائیل

چند منٹوں میں لڑاکا طیاروں اور توپ خانے سے قصبے عیتا الشعب میں حزب اللہ کے 40 ٹھکانوں پر حملہ کیا، اسرائیلی فوج

جمعرات 25 اپریل 2024 17:36

تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) اسرائیل کے وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی افواج پورے جنوبی لبنان میں جارحانہ کارروائی کر رہی ہیں۔ گیلنٹ نے شمالی کمان کے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران کہا کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے تقریبا نصف فیلڈ کمانڈروں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ آنے والا دور فیصلہ کن ہو گا۔

گیلنٹ نے اپنے دورے کے دوران کمانڈ کے کمانڈر میجر جنرل اوری گورڈین اور انٹیلی جنس آپریشنز اور فائر فائٹنگ افسران کے ساتھ آپریشنل امور پر بات چیت کی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لاقات کے اختتام پر گیلنٹ نے کہا کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے آدھے لیڈروں کو ختم کر دیا گیا، یہ وہ لوگ ہیں جو جارحانہ کارروائی کے ذمہ دار تھے۔

(جاری ہے)

ان کی وجہ سے اسرائیل کے شہریوں کو نقصان پہنچاے باقی نصف رہنما چھپے ہوئے ہیں اور جنوبی لبنان کو اسرائیلی فوجی کارروائی کے لیے کھلا چھوڑ دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی کارروائیوں کا بنیادی مقصد شمالی اسرائیل کے باشندوں کو ان کے گھروں میں واپس لانا ہے۔ اس حوالے سے آنے والا دور فیصلہ کن ہوگا۔دریں اثنا اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا کہ اس نے جنگی طیاروں اور توپ خانے سے چند منٹوں کے اندر جنوبی لبنان کے قصبے عیتا الشعب میں حزب اللہ کے تقریبا 40 اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ان اہداف میں حزب اللہ کے لیے ہتھیار ذخیرہ کرنے اور پارٹی کے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات شامل تھیں۔