ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کی زیرِ صدارت سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کا انعقاد

جمعرات 25 اپریل 2024 18:44

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ میاں عثمان علی کی زیر صدارت سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے اجلاس منعقد ہوا ،جس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس سال بالائی علاقوں میں برف باری اور بارشوں کے کم ہونے کی وجہ سےدریائوں میں سیلاب کی صورتحال نہیں ہے تاہم موسمیاتی تبدیلی اور بے موسمی بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے سیلاب سے نمٹنے کےلئے اپنا اپنا پلان تیار کر کے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ کےدفتر میں جمع کرائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے۔ انہوں نے تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں متعلقہ ایکسین آبپاشی کے ساتھ فلڈ بندوں کا معائنہ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت کی کہ فلڈ بندوں کی تعمیرو مرمت کے کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور بندوں کی نگرانی شروع کی جائے ،دریائی علاقوں میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور نالوں کی صفائی کا کام مکمل کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122 کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ مئی کے پہلے ہفتہ میں موک ایکسرسائز کا انتظام کریں ۔انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ ادویات بالخصوص سانپ اور کتے کے کاٹنے کی ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ڈی او پی ڈی ایم اے عرفان سیال نے بتایا کہ سیلاب کی صورت میں مظفرگڑھ کی تینوں تحصیلوں کو دونوں دریائوں کا پانی متاثر کرتا ہے ، سیلاب سے متاثر ہونے والے کل مواضعات 160 ہیں جن کی کل آبادی 51 ہزار 666 ہے، دریائے چناب میں 2014 میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے جس میں پانی کا اخرارج 7 لاکھ 23 ہزار کیوسک تھا جبکہ دریائے سندھ میں 2010 میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آیا ہے جس میں پانی کا اخراج 9 لاکھ 59 ہزار کیوسک تھا۔

ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم ہے جو 24 گھنٹے کام کررہا ہے ،تحصیل سطح پر سیلاب کی صورت میں کنٹرول قائم کئے جائیں گے،تمام مشینری اور آلات کی پڑتال کی جاچکی ہے جو ورکنگ حالت میں موجود ہیں،سیلاب کی صورت میں ضلع بھر میں 27 ریلیف کیمپ لگائے جائیں گے ، رجسٹرڈغیر سرکاری تنظیموں دوآبہ اور سانجھ فائونڈیشن سے معاونت کےلئے رابطہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ماہ مئی اور جون میں گرم ہوائوں کے اثرات سے بچنے کےلئے بھی حفاظتی اقدامات کئے جائیں ۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ناصر شہزاد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر جتوئی طارق محمود ملک،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیط، ایکسین حفیظ احمد، سول ڈیفنس آفیسر سحرش ارشاد، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اظہر یوسف، دوآبہ فائونڈیشن سے محمد بلال، شاہانہ عباس شانی، لائیو سٹاک سے ڈاکٹر عدنان،محکمہ صحت سے ڈاکٹر اطہر، سی او ضلع کونسل شاہانہ رشید سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔