گیس،بجلی اور پیٹرول کی بڑھی ہوئی قیمتیں فی الفور واپس لی جائیں، سعید بیگ

جمعرات 25 اپریل 2024 18:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمدبیگ نے مطالبہ کیاہے کہ حکومت گیس،بجلی اور پیٹرول کی بڑھی ہوئی قیمتیں فی الفور واپس لے،قرضے اتارنے کے لئے غریب عوام پر مزید بوجھ لادنے کے بجائے اشرافیہ کی مراعات میں کمی لائی جائے اور بیرونی تجارت میں توازن لانے کے ساتھ ٹیکسوں کے شعبے میں اصلاحات لاکرخودانحصاری کی پالیسی اپنانااور آئی ایم ایف سے کنارہ کشی ہی بہتر راستہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میںسرکاری افسر کی اوسط بنیادی تنخواہ اگر ایک لاکھ روپے ہے تو دوسری مراعات اور فائدے ملاکرماہانہ سات لاکھ سے زائد کے بنتے ہیںاوراگر ٹیکسوں کے نظام کودیکھا جائے تو یہ حیرت کا مقام ہے کہ ملک کی 25کروڑ آبادی میں سے ٹیکس فائلرز کی تعداد محض 45لاکھ ہے جس کی کمی ہر شہری سے خواہ وہ غریب ہو یا امیر،اشیائے ضروریہ اور یوٹیلٹی بلوںپر بھاری بھرکم ٹیکس عائد کرکے پوری کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کے نتیجے میں وطن عزیز کا غریب اور متوسط طبقہ غریب تر جبکہ شاہانہ زندگی گزارنے والے امیر تر ہوتے جارہے ہیں اور دونوں کے درمیان پیدا شدہ خلیج مسلسل بڑھ رہی ہے۔حالات کا تقاضا ہے کہ پارلیمنٹ ساری صورتحال کا ادراک کرے اورغریب کی مشکلات کوکم کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے۔سعید احمدبیگ نے کہاکہ قومی معیشت تباہی کے دہانے پرہے اور کیفیت یہ ہے کہ آنے والے دنوں میں اس کے دیوالیہ ہونے کے خطرات پھر سے سر پر منڈلانے لگے ہیں۔

جبکہ حکومت نے اس کا حل یہ نکالاہے کہ پیٹرول بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ دراضافہ کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ بار بار بجلی،پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافے اور اس سے پیدا ہونے والی مہنگائی سے عام آدمی بہت پریشان ہے،غربت کی لکیربلند ترین سطحپر جاچکی ہے، نگران حکومت نے سبکدوش ہونے سے پہلے بھی پیٹرول اور گیس کی قیمتیں بڑھادی تھیںجبکہ موجودہ حکومت بھی بجائے غریب عوام کو ریلیف دینے کے مزید بوجھ تلے دبانے میں مصروف ہے۔