وزیر صحت خیبر پختونخوا کا طبی تدریسی ادارہ مردان کا دورہ، بینظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال سمیت مختلف طبی منصوبوں کیلئے زمین کی صورتحا ل پر بریفنگ

جمعرات 25 اپریل 2024 19:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) وزیر صحت خیبر پختونخوا سید قاسم علی شاہ نے طبی تدریسی ادارہ مردان کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو، ممبر صوبائی اسمبلی زرشاد خان، افتخار علی مشوانی، طفیل انجم، امیر فرزند خان، عبدالسلام آفریدی اور طارق آریانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پربریفنگ اجلاس میں وزیر صحت کو زیرتعمیر بینظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال، خیبر انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائینسز، مختلف طبی منصوبوں کیلئے حاصل کی گئی ایک ہزار کنال زمین کی موجودہ صورتحال اور مالکان کو رقوم کی ادائیگی، صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج معالجے کی سہولت کی فراہمی، محکمہ صحت سے باچا خان ڈینٹل کالج کی بطور کالج نوٹیفکیشن جاری کرنے کے معاملے اورتدریسی ادارہ کے دیگر امور سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اور بتایا گیا کہ ایک ہزار کنال زمین میں 350 کنال زمین کی مالیت جوکہ 1.6 ارب روپے بنتی ہے ، کے اجراء میں ان کی مدد ضروری ہے جس پر وزیر صحت نے یہ معاملہ صوبائی وزیر خزانہ سے اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔وزیر خوراک ظاہر شاہ نے نگران کابینہ کی جانب سے ایک ہزار کنال زمین مالکان کو واپس کرنے کے فیصلے کا معاملہ اٹھایا جس پر وزیر صحت نے نگران کابینہ کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کیلئے اس معاملے کو صوبائی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ہسپتال انتظامیہ نے کہا کہ مردان میڈیکل کمپلیکس میں صحت کارڈ سہولت کی بحالی کے بعد اب تک 6 ہزار سے زیادہ مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔وزیر صحت نے بینظیر چلدرن ہسپتال کو فعال کرنے کیلئے ضروری طبی آلات کا بندوبست کرنے اور فنڈز کے جلد سے جلد اجراء میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عظم کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ نئے منصوبوں کے آغاز کی بجائے جاری منصوبوں کی تکمیل ان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمے میں ایک سنٹرل کنٹرول روم قائم کیا جارہا ہے جہاں سے تمام ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور کسی بھی شکایت کے ازالے کیلئے فوری طور پر اس ادارے کی انتظامیہ سے رابطہ کرکے فوری طور پر شکایت کے ازالے کے حوالے سے ہدایات جاری کی جائیں گی۔وزیر صحت نے باچا خان ڈینٹل کالج کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے معاملے پر فوری کارروائی کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

بعد ازاں انہوں نے ایک ہزار کنال اراضی کا دورہ کیا اور متعلقہ زمین کا جائزہ لیا۔ ڈین باچا خان میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر امجد علی، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق محمود، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عماد حمید، سیکرٹری بی او جی اظہر خان، ڈائریکٹر فنانس محمد شیراز، نرسنگ ڈائریکٹر مہرالنساء، منیجر آئی ٹی محسن علی، منیجر ایچ آر الطاف احمد، منیجر ایڈمنسٹریشن اینڈ فیسلٹی ڈاکٹر فرہان اکرم، منیجر کوالٹی ایشورنس حمید زیب،پروکیورمنٹ منیجر محمد خلد،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال مردان ڈاکٹر جاوید اقبال، سی اینڈ ڈبلیو ودیگر محکموں کے افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔