وزیر صحت خیبر پختونخوا کا طبی تدریسی ادارہ مردان کا دورہ

جمعرات 25 اپریل 2024 19:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) وزیر صحت خیبر پختونخوا سید قاسم علی شاہ نے طبی تدریسی ادارہ مردان کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو، ممبر صوبائی اسمبلی زرشاد خان، افتخار علی مشوانی، طفیل انجم، امیر فرزند خان، عبدالسلام آفریدی اور طارق آریانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پربریفنگ اجلاس میںوزیر صحت کو زیرتعمیر بینظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال، خیبر انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائینسز، مختلف طبی منصوبوں کیلئے حاصل کی گئی ایک ہزار کنال زمین کی موجودہ صورتحال اور مالکان کو رقوم کی ادائیگی، صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج معالجے کی سہولت کی فراہمی، محکمہ صحت سے باچا خان ڈینٹل کالج کی بطور کالج نوٹیفکیشن جاری کرنے کے معاملے اورتدریسی ادارہ کے دیگر امور سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اور بتایا گیا کہ ایک ہزار کنال زمین میں 350 کنال زمین کی مالیت جوکہ 1.6 ارب روپے بنتی ہے کے اجراء میں ان کی مدد ضروری ہے جس پر وزیر صحت یہ معاملہ صوبائی وزیر خزانہ سے اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔وزیر خوراک ظاہر شاہ نے نگران کابینہ کی جانب سے ایک ہزار کنال زمین مالکان کو واپس کرنے کے فیصلے کا معاملہ اٹھایا جس پروزیر صحت نے نگران کابینہ کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کیلئے اس معاملے کو صوبائی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔

ہسپتال کی انتظامیہ نے کہا کہ مردان میڈیکل کمپلیکس میں 2023 میں صحت کارڈ کے ذریعے 41 ہزار سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا گیا جبکہ صوبائی حکومت کی طرف سے اس سہولت کی بحالی ًکے بعد اب تک 6 ہزار سے زیادہ مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔وزیر صحت نے بینظیر چلدرن ہسپتال کو فعال کرنے کیلئے ضروری طبی آلات کا بندوبست کرنے اور فنڈز کے جلد سے جلد اجراء میں اپنا بھرپور کردار اداء کرنے کے عظم کا اظہار کیا۔

انھوں نے کہا کہ نئے منصوبوں کے آغاز کی بجائے جاری منصوبوں کی تکمیل ان کی اولین ترجیح ہے۔انھوں نے کہا کہ محکمے میں ایک سنٹرل کنٹرول روم قائم کیا جارہا ہے جہاں سے تمام ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور کسی بھی شکایت کے ازالے کیلئے فوری طور پر اس ادارے کی انتظامیہ سے رابطہ کرکے فوری طور پر شکایت کے ازالے کے حوالے سے ہدایات جاری کی جائیں گی۔

وزیر صحت نے باچا خان ڈینٹل کالج کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے معاملے پر فوری کاروائی کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔بعد ازاں انھوں نے ایک ہزار کنال اراضی کا دورہ کیا اور متعلقہ زمین کا جائزہ لیا.ڈین باچا خان میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر امجد علی، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق محمود، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عماد حمید، سیکرٹری بی او جی اظہر خان، ڈائریکٹر فنانس محمد شیراز، نرسنگ ڈائریکٹر مہرالنساء، مینیجر آئی ٹی محسن علی،مینیجر ایچ آر الطاف احمد، مینیجر ایڈمنسٹریشن اینڈ فیسلٹی ڈاکٹر فرہان اکرم، مینیجر کوالٹی اشورنس حمید زیب،پروکیورمنٹ مینیجر محمد خلد،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال مردان ڈاکٹر جاوید اقبال، سی اینڈ ڈبلیو ودیگر محکموں کے افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہسپتال مردان کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔