(تفصیلی خبر) پنجاب حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور علاج معالجے کے حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی: سپیکر ملک محمد احمد خان ۔اخلاق احمد باجوہ کے ساتھ بہت سی حسین یادیں وابستہ ہیں، اللہ سے دعا ہے کہ ان کو جلد صحت یابی عطا فرمائی:سپیکر پنجاب اسمبلی

جمعرات 25 اپریل 2024 21:30

W لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2024ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سیکرٹری پریس گیلری کمیٹی حسان احمد سمیت سنیئر صحافیوں نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے صدر اخلاق احمد باجوہ کے جاری علاج کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (PKLI) میں زیر علاج اخلاق احمد باجوہ کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں اور صحافیوں کی سفارش پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی یقین دہانی کروائی۔

سپیکر ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور علاج معالجے کے حوالے سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اخلاق احمد باجوہ کے ساتھ بہت سی حسین یادیں وابستہ ہیں، اللہ سے دعا ہے کہ ان کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے صدر پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی اخلاق احمد باجوہ کے علاج کے سلسلے میں سپیکر پنجاب اسمبلی کے اقدامات کو سراہا، انہوں نے کہا کہ سپیکر ملک محمد احمد خان کے صحافی دوست اقدامات پر لاہور کی صحافی برادری ان کی شکر گزار ہے۔

سیکرٹری پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی حسان احمد کا کہنا تھا کہ پارلیمانی رپورٹرز کے لیے سپیکر ملک محمد احمد خان کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ بعد ازاں پریس گیلری کمیٹی کے سینیئر ممبران نے صدر پریس کلب ارشد انصاری کی قیادت میں PKLI ہسپتال میں زیر علاج صدر پریس گیلری کمیٹی اخلاق احمد باجوہ کی عیادت کی۔پی کے ایل ائی میں سینیئر ڈاکٹرز نے صحافیوں کے وفد کو اخلاق احمد باجوہ کے علاج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

پی کے ایل ائی کے دورے میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی حسان احمد ،سینیئر صحافی خواجہ نصیر، رانا یاصف، حافظ نعیم، زوہیب کاظمی، عدیل طالب گجر ،ڈاکٹر منیر ، علی کامران، منیر باجوہ، آصف اقبال، پنجاب اسمبلی کے ترجمان راؤ ماجد علی اور گوہر مقصود شامل تھے۔