چین کے وزیر برائے بین الاقوامی تعلقات کا وفاقی وزیر احسن اقبال کو تہنیتی خط ، بطور وفاقی وزیر منصوبہ بندی تقرری پر مبارکباد

جمعرات 25 اپریل 2024 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) چین کے وزیر برائے بین الاقوامی تعلقات لیو جین چاؤ نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کو وفاقی وزیر بننے پر تہنیتی خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بطور وفاقی وزیر منصوبہ بندی آپ کی دوبارہ تقرری سے بہت خوشی ہوئی۔ چین کے ادارہ برائے بین الاقوامی تعلقات اور کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے آپ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔

چین کی حکومت اور کمیونسٹ پارٹی مستقبل میں بھی آپ کی کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی اور چین کے بہترین دوست ہونے کے ناطے آپ نے پاک چین دوستی کو فروغ دینے کے لئے نہایت ہی عمدہ کردار ادا کیا ، پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے آپ کا کردار قابل ستائش ہے ، گزشتہ سال کے دوران دو مرتبہ آپ سے بات چیت کا موقع ملا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آپ کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران پاک چین تعلقات کے فروخت کو نئی جہتوں سے روشناس کرانے اور مسلم لیگ (ن)اور کمیونسٹ پارٹی کے درمیان تعاون بڑھانے کے حوالے سےبات چیت نہایت ہی مفید رہی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی مستقبل میں مسلم لیگ (ن )کے ساتھ جماعتی تعاون اور گورننس کے موضوعات پر اشتراک عمل کے ذریعے دونوں جماعتوں کے مابین روایتی دوستی سے بڑھ کر تعاون کو فروغ دینا چاہتی ہے ، چین حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر مشترکہ مفادات اور کامیابیوں کے لئے کام کرنے کے لئے پر عزم ہے۔