گندم کا کاشتکار رُل گیا ،حکومت کمیٹی کمیٹی کھیلنے میں لگی ہوئی ہے ‘ مسرت جمشید چیمہ

حلقوں کیلئے اربوں جاری کرنے کی بجائے کسان سے فصل خریدیں ‘ سینئر رہنما پی ٹی آئی

جمعہ 26 اپریل 2024 12:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہاہے کہ گندم کا کاشتکار رُل گیا ہے لیکن پنجاب حکومت کمیٹی کمیٹی کھیلنے میں لگی ہوئی ہے ،موسم کی غیر متوقع صورتحال میں کسانوں کی فصل کھلے آسمان کے نیچے پڑی ہوئی ہے جس سے ان کی محنت ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت حلقوں کیلئے اربوں روپے جاری کرنے کی بجائے سب سے پہلے کسان سے ان کی فصل خریدے ۔

(جاری ہے)

حکومت فی الفور گندم خریداری کے ہدف میں اضافہ کرے اور کسانوں سے گندم کی خریداری کے لئے فنڈز کا انتظام کیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت کسانوں سے جس طرح کا سلوک کر رہی ہیں اس سے کسانوں کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے جس کا خمیازہ قوم کو فوڈ سکیورٹی کی صورت میں بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت کمیٹی کمیٹی کھیلنے کی بجائے تمام کسانوں سے گندم خریدے اور اضافی گندم کی مصنوعات بنا کر اسے مختلف ممالک کو ایکسپورٹ کیا جا سکتا ہے ۔