پولیو کے قطرے بالکل محفوظ ہیں، غلط پراپیگنڈہ کا شکار نہ ہوں،کمشنر

جمعہ 26 اپریل 2024 12:58

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) کمشنرملتان ڈویژن مریم خا ن نے کہا ہے کہ پولیو کے قطرے بالکل محفوظ ہیں،شہری غلط پراپیگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو سے بچائوکے قطرے نہ پلانے والے والدین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے شہبازشریف ہسپتال میں بچے کو قطرے پلاکر پانچ روزہ انسداد پولیومہم کے آغاز کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

کمشنرملتان نے مزید کہاکہ پانچ روزہ مہم میں ضلع ملتان بھر میں 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائوکے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیوم مہم کے لیے ضلع میں 4380 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ ضلع کے ہر ہسپتال، ڈسپنسری، بس ویگن سٹینڈ، ریلوے سٹیشن پر ٹیمیں موجود رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان ہم سب کا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کے خاتمے تک ہم سب کو بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے ہیں۔ اس موقع پرڈائیریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر وسیم رمزی،سی او ہیلتھ ڈاکٹر فیصل و دیگر ڈاکٹرز و افسران بھی موجودتھے۔