فیصل آباد،جوار کی کاشت کےلئے ہلکی کلراٹھی زمین موزوں قرار

جمعہ 26 اپریل 2024 13:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) جوار کی کاشت کےلئے ہلکی کلراٹھی زمین کو موزوں قرار دے دیاگیاہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادڈاکٹر خالد اقبال نے کہا کہ اگر کاشتکار چاہیں تو وہ ہلکی کلراٹھی زمین پر بھی جوار کاشت کرسکتے ہیں تاہم زیادہ پیداوار لینے کےلئے بھاری میراز مین جس میں پانی کا اچھانکاس ہو بہترین ہو تی ہے۔

کاشتکار جوار کی ترقی دادہ اقسام جے ایس 2002، ہیگاری، جے ایس 26، چکوال جوار اور جوار 2011وغیرہ کی کاشت سے قبل زمین کی تیاری کےلئے اچھی طرح ہل چلانے کے بعد سہاگہ دے کر زمین کو نرم و بھربھرا کرلیں کیونکہ زمین کاہموار ہونا اچھی پیداوارکا ضامن ہے اور اگر گزشتہ فصل پر مٹی پلٹنے والا ہل نہ چلایا گیاہو تو ایک دفعہ مٹی پلٹنے والا ہل اور دو مرتبہ کلٹیویٹر چلا کر زمین کو نرم وبھربھرا کرلینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ چارے والی فصل اپریل سے اگست تک حسب ضرورت کاشت کی جاسکتی ہے ،لیکن اپریل و مئی میں اس کی کاشت سے اچھے نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر بیج کےلئے فصل کاشت کرنا مقصود ہو تو اس سے جولائی میں مکمل کرناچاہیے کیونکہ اس طرح بہترین پیداوار لی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایاکہ چارے کےلئے 32 سے 35کلوگرام فی ایکڑ اور دانوں کےلئے 6سے8کلوگرام فی ایکڑ صحت مند بیج استعمال کرنابھی ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :