سیالکوٹ میں کتب میلہ کا افتتاح

جمعہ 26 اپریل 2024 13:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) کلیکٹر کسٹمز،کلیکٹوریٹ آف کسٹمز سمبڑیال صائمہ آفتاب نے ڈی پی او روڈ نزدایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ میں جمعہ کو کتب میلے کا افتتاح کر دیا ہے۔اس موقع پرکلیکٹر کسٹم کے ہمراہ ایڈیشنل کلیکٹر شہزاد لیاقت رانجھا،ڈپٹی کلیکٹر کسٹمز جویریہ شاہد،اسسٹنٹ کلیکٹر کسٹمز خالد محمود اسسٹنٹ کلیکٹر کسٹمز ہمایوں مختار رابطہ کار کتاب میلہ انجم یوسف و دیگرعملہ،گورنمنٹ ویمن یونیورسٹی کے سابق ڈین سوشل سائینسز ڈاکٹر محمد افضال بٹ،ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ اسلامیات ڈاکٹر ولید خان ، ڈاکٹر زاہد علی بٹ شعبہ باٹنی، سٹوڈنٹس،دانشوروں اور دیگر نے شرکت کی ہے۔

کتاب میلہ میں الریاض ناشران اردو بازار لاہور، العصر پبلشر اردو بازار لاہور، صدیقی بکس انارکلی بازار لاہور،آصف بک سٹال اردو بازار لاہور، بک کارنرجہلم،لاہور کتاب میلہ آف لالہ موسیٰ،توکل اکیڈمی اردو بازار کراچی،علم وعرفان پبلشرز ڈی ایچ اے لاہور اورسنگ میل پبلیکیشنز نے اپنے اپنے بک سٹالز لگائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صائمہ آفتاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کتابیں زندگی کیلئے اس قدر اہم ہیں کہ ہر روشنی ان کالے حروف سے پھوٹتی ہے،سیالکوٹ کی تاریخ میں یہ اس درجے کا پہلا کتاب دوست قدم ہے،ہماری خوش قسمتی ہے کہ اس روایت کی بنیاد کے طور پر اللہ کریم کی طرف سے ہمیں اور ہمارے محکمے کو چنا گیا،کتاب دوستی زندہ باد،پاکستان پائندہ باد۔

میلہ میں شریک جی سی یونیورسٹی کے ڈاکٹرمحمد افضال بٹ نے کہا کہ کتاب سے محبت انسان سے محبت ہے،آج کے کتاب میلہ میں سماج میں محبت اور امن کی آواز کو احباب تک پہنچانے کیلئے اہم کردار تسلیم کیا جاتا ہے،انہوں نے کہا کہ پیر سے یونیورسٹی کے طلباء بھی اس میلہ میں شرکت فرما کر رونق بخشیں گے۔آخر میں صائمہ آفتاب نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ یہ میلہ 30 اپریل منگل تک جاری رہے گا۔میلے میں کتب بیس سے پچاس فیصد تک رعایتی قیمت پردستیاب ہیں ۔