ڈیلرز نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی حکومتی پالیسی مسترد کردی

جمعہ 26 اپریل 2024 15:42

اسلام آباد /کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) آئل ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے حکومتی پالیسی کومسترد کرتے ہوئے فیصلے پر نظرثانی نہ کیے جانے کی صورت میں احتجاج کی دھمکی دی ہے۔پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین سے متعلق نئے فارمولے کے خلاف احتجاج کا آغاز کردیا ہے۔

چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبد السمیع خان نے بتایا کہ آئل ڈیلرز نے احتجاج کا آغاز کردیا ہے، پالیسی پر نظر ثانی نہ کی تو ہڑتال تک جائیں گے‘۔پیٹرولیم ڈیلرز کے نزدیک نئے فارمولے سے ہر شہر میں پیٹرول کی پرائس الگ ہوگی جس کا نقصان عوام کو برداشت کرنا ہوگا۔ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما وسیم قادری نے کہاکہ سب شہروں میں پرائس میں فرق آجائے کراچی میں الگ اور جگہ الگ ریٹ ہوں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور تیل کی مصنوعات کی اسمگلنگ پر آئل انڈسٹری کی شکایات کے تناظر میں حکومت نے عوامی تنقید کا رخ آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز) کی جانب موڑنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے عمل کو تیز کردیا۔پیٹرولیم ڈویژن نے ایک ہدایت میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے کہا تھا کہ وہ تین روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن پر تجزیہ اور مضمرات پر ایک پریزنٹیشن پیش کرے۔