امسال بورے والا زون سے 75ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر ہے،زونل ہیڈ پاسکو راؤمحمد اکرم

جمعہ 26 اپریل 2024 17:05

بورے والا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) زونل ہیڈ پاسکو راؤمحمد اکرم نے کہا ہے کہ پاسکو نے گندم کی مقررہ قیمت پر خریداری کے لئے بار دانہ کی تقسیم شروع کردی ہے زون بورے والا میں مجموعی طور پر 17 خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں جن پر پرچیز انسپکٹرز،کسانوں اور مقامی نمائندہ شخصیات کی زیر نگرانی فی ایکٹر 6 بوری کے حساب سے کسانوں کو پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر بار دانہ کی تقسیم اور گندم کی خریداری کا عمل جاری ہے حکومت کی جانب سے پاسکو زون بورے والا کو امسال 7لاکھ 50ہزار بوری 75ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر ہے جو گزشتہ سال کی نسبت ڈیڑھ لاکھ بوری زیادہ ہے موسمی حالات بہتر ہونے کی وجہ سے امسال گندم کی فی ایکٹر بمپر پیداوار ہوئی ہے گندم کی پیداوار میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے خریداری ہدف میں اضافہ کے لئے پاسکو حکام سفارشات حکومت کو بھیجے گا تاکہ کسانوں زیادہ سے زیادہ گندم مقرر کردہ سرکاری نرخوں پر خریدی جاسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے "اے پی پی" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض خریداری مراکز پر بار دانہ کی تقسیم کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور گندم کی خریداری بہت تیزی سے جاری ہے پاسکو کے گوداموں میں گزشتہ سال کی گندم موجود ہونے کے باوجود حکومت کسانوں سے انکی گندم سرکاری نرخوں پر خریدنے کے لئے پرعزم ہے۔\378