فیک نیوز اور افواہوں کے تدارک کیلئے سوشل میڈیا اکاؤنٹ قائم

جمعہ 26 اپریل 2024 20:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) محکمہ اطلاعات پنجاب کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ نے فیک نیوز اور افواہوں کے تدارک کے لئے سوشل میڈیا اکاؤنٹ قائم کر دیا ہے تا کہ عوام کو مستند خبروں اور حقائق سے مسلسل باخبر رکھا جا سکی- یہ بات ڈی جی پی آر کے سوشل میڈیا ونگ کی سربراہ ردا ملک نے ہیڈ کوارٹر آفس اورڈویژنل اور ضلعی افسران کو سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی افواہوں اور فیک نیوز کے تدارک کے حوالے سے اپنے خطاب میں بتائی -ردا ملک نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جعلی، من گھڑت اور منفی خبروں کے تدارک کے لئے محکمہ اطلاعات میں مربوط حکمت عملی کے تحت ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں جس سے فیک نیوز کوروکا جا سکے گا-پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سعد کلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈی جی پی آر پورٹل وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس سے نہ صرف ڈی جی پی آر کے عملے کی انٹرنل اکاؤنٹ بیلٹی بہتر ہو گی بلکہ عوام تک درست خبر بھی بروقت انداز میں پہنچے گی-اجلاس میں ڈی جی پی آرکے سینئر افسران کے علاوہ ڈویڑنل ڈائریکٹرز اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسرز نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی-