Live Updates

پنجاب کی ڈرامہ کوئین مریم نواز نے پولیس کے روپ میں جلوہ گر ہوکر ایک نئی قسط ریلیز کردی ،بیرسٹر ڈاکٹرسیف

جمعہ 26 اپریل 2024 23:17

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب کی ڈرامہ کوئین مریم نواز نے پولیس کے روپ میں جلوہ گر ہوکر ایک نئی قسط ریلیز کردی ہے۔محترمہ نے وردی پہن لی ہے ،اب جاتی امراء کے ڈاکوں کو بھی پکڑے،جعلی وزیر اعلیٰ پنجاب عوام کی خوب انٹر ٹینمنٹ کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پولیس یونیفارم پہننے پر ایک ویڈیو کے ذریعے ردعمل دیتے ہوئے کیا۔مشیر اطلاعات نے کہا ہے کہ جعلی فارم 47کی ہیروئن کے ڈرامے سپر ہٹ جارہے ہیں اور وہ پنجاب عوام کی خوب انٹر ٹینمنٹ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ڈراموں سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا محترمہ ڈراموں کیساتھ کچھ عملی اقدامات بھی اٹھائیں۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی یونیفارم پہننا قانون کی خلاف ورزی ہے اور اس ضمن میں مریم نواز پر ایف آئی آر درج ہونی چاہئیے۔مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مریم نواز وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی طرح عوامی منصوبوں پر توجہ دیں جبکہ انکے مقابلے میں ڈرامے ریلیز نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ محترمہ زندگی میں بچے کچھے ارمان بھی پورے کر رہی ہے اور اب انہوں نے نئی قسط میں پولیس کے روپ میں جلوہ گر ہوکر ایک نئے ڈرامے کا اضافہ کیا ہے،مسخرہ جب محل میں داخل ہوتا ہے تو وہ سلطان نہیں بنتا محل سرکس بن جاتا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات