صوبے بھر سے محکمہ پولیس میں خواتین کی شمولیت کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، راحیلہ درانی

جمعہ 26 اپریل 2024 23:29

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں یو این او ڈی سی اور خواتین پولیس کے تعاون سے خواتین کی پولیس میں شمولیت کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد ہوا۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے خواتین پولیس کی کاوشوں کو سراہا اور ویمن یونیورسٹی انتظامیہ کو طالبات کیلئے معلوماتی اور آگاہی پر مبنی پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور وائس چانسلرکو خواتین کو معیاری تعلیم دینے کیلئے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

اس موقع پر ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ نورین نے اظہار خیال کرتے ہوئے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر آرگنائزیشنز کمیٹی کی تعریف کی اور کہا اس حقیقت سے کوئی انکاری نہیں کہ موجودہ دور میں کسی بھی شعبے میں مردوں کے ساتھ خواتین کی شمولیت ناگزیر ہو چکی ہے جبکہ خواتین کی محکمہ پولیس میں شمولیت سے صنفی تشدد کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوگی۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی قمرالحسن نے بھی وائس چانسلر و انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم نسواں سے متعلق صوبے میں شعور کو اجاگر کرنے میں ویمن یونیورسٹی کا اہم کردار ہے جس کی بدولت آج صوبے بھر سے محکمہ پولیس میں خواتین کی شمولیت کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہی. دیگر مقررین میں ایس پی پری گل ترین اور چیئرپرسن آف دی اسٹیٹس آف ویمن فوزیہ شاہین بھی شامل تھی جنہوں نے ویمن یونیورسٹی کی تقریب کے کامیاب انعقاد پر وائس چانسلر و انتظامیہ کی تعریف کی اور محکمہ پولیس میں خواتین کی شمولیت کے حوالے سے طالبات کو معلومات اور آگاہی کو دور حاضر کی اہم ضرورت قرار دیا۔