راولپنڈی،روات پولیس کی کارروائی ،بینک ڈکیتی میں ملوث گینگ کی4 ملزمان گرفتار

چھینی گئی رقم7 لاکھ روپے،وارداتوں میں استعمال ہونیوالا اسلحہ اورچھینی گئی رقم سے خریدی گئی مہران کار بھی برآمد

جمعہ 26 اپریل 2024 19:30

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) روات پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بینک ڈکیتی میں ملوث گینگ کی4 ملزمان کوگرفتارکرکے چھینی گئی رقم7 لاکھ روپے،وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اورچھینی گئی رقم سے خریدی گئی مہران کار بھی برآمد کرلی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ملزمان نے رواں سال فروری میں روات کے علاقہ میں بینک ڈکیتی کی واردات کی تھی،سی پی او سید خالد ہمدانی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دیں تھیں، پولیس ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی ، ہیومن انٹیلی جنس اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سی4 ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا، گرفتار ملزمان میں متین، منظور، عمر اور مبین شامل ہیں،قبضہ سے چھینی گئی رقم7 لاکھ روپے ، وارداتوں میں استعمال ہونے والی3 پسٹل اور رائفل 12 بور اورچھینی گئی رقم سے خریدی گئی مہران کار بھی برآمد ہوئی،ملزمان سے شناخت پریڈ کے بعد برآمدگی عمل میں لائی گئی۔

ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کہاکہ گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائی گی،شہریوں کی جان ومال پر حملہ کرنے والے ملزمان قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔