پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں،ذیشان رفیق

حکومت پنجاب نوجوانوں کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اظہار کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کرنے کے عزم پر عمل پیرا ہے ،صوبائی وزیربلدیات

جمعہ 26 اپریل 2024 19:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ ایران میں حسن قرات کے عالمی مقابلے میں اول پوزیشن حاصل کر کے ہونہار بچے حافظ محمد ابوبکر نے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔ وہ سیالکوٹ کے دورے میں مرکزی عیدگاہ ڈسکہ میں صو القرا کے زیراہتمام انٹرنیشنل محفل حسن قرات و نعت میں بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، حکومت پنجاب نوجوانوں کو اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو اظہار کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کرنے کے عزم پر عمل پیرا ہے اور مختلف زندگی میں کارہائے نمایاں انجام دینے والے ہونہار طلبہ و طالبات کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ ذیشان رفیق نے حسن قرات و نعت میں شریک قومی و بین الاقوامی قرا اور نعت خوان حضرات کو ڈسکہ آمد پر خوش آمدید کہا اور یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔

صوبائی وزیر نے ایران میں حسن قرات کے عالمی مقابلہ کے فاتح حافظ محمد ابوبکر سے خصوصی ملاقات کی اور ان کو مقابلہ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر حافظ محمد ابوبکر نے قرات کا شرف حاصل کیا اور حاضرین سے داد تحسین وصول کی۔ تقریب کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔