برطانیہ کے اعلیٰ تعلیمی وفد کا برٹش کونسل کے عہدیداروں کے ہمراہ کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ

جمعہ 26 اپریل 2024 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) برطانیہ کے اعلیٰ تعلیمی وفد نے تعلیم کے شعبہ میں مزید تعاون کو بڑھانے کیلئے برٹش کونسل کے عہدیداروں کے ساتھ جمعہ کو کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد (سی یو آئی)کا دورہ کیا ۔ دورہ کا مقصد برطانوی یونیورسٹیوں کے ساتھ روابط اور تعاون کو استوار کرنا تھا۔ یہ وفد پاک برطانیہ ایجوکیشن گیٹ وے کے تحت 21 سے 27 اپریل تک پاکستان کا دورہ کر رہا ہے ۔

یونیورسٹی آف گلاسگو، یونیورسٹی آف سیلفورڈ، کارڈف یونیورسٹی، لندن یونیورسٹی، کوئین میری یونیورسٹی آف لندن، اسٹافورڈ شائر یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ایکسیٹر، آئی این ٹی او یونیورسٹی اور بنگور یونیورسٹی کے مندوبین اس دورے کا حصہ تھے۔ برطانیہ کے محکمہ برائے تجارت، محکمہ تعلیم اور برٹش کونسل کے سینئر حکام بھی مندوبین کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

سی یو آئی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر نے کامسیٹس یونیورسٹی کی جانب سے مندوبین کا خیرمقدم کیا اور برطانیہ کے ساتھ ان تاریخی تبادلوں کو شیئر کیا جس نے سی یو آئی کو پاکستان میں تعلیمی اداروں میں سے ایک کے طور پر ترقی دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ خطبہ استقبالیہ میں ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر نے کہاکہ سی یو آئی کی برطانیہ کی یونیورسٹیوں کے ساتھ دیرینہ وابستگی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سکاٹش ہائیر ایجوکیشن ٹریڈ ایلچی کا سی یو آئی کی طالبات کو وظائف کی فراہمی میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ ٹی آئی ہیڈ انٹرنیشنل آفس ڈاکٹر حماد عمر نے مندوبین کو برطانیہ کے ساتھ سی یو آئی کی ماضی کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔