مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان کی زیر صدارت صوبے میں بین المدارس کھیلوں بارے اجلاس

جمعہ 26 اپریل 2024 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان کی زیر صدارت صوبے میں بین المدارس کھیلوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں مدارس کے طلبہ کے مابین کھیلی جانے والی گیموں کی تیاریوں کے حوالے سے غور خوض ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس عبد الناصر،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و دیگر افسران نے شرکت کی۔

خیبر پختونخوا انٹر مدارس اور خیبر پختونخوا خصوصی افراد گیمز 30 اپریل سے شروع ہوں گے جن میں 800 کھلاڑی شرکت کرینگے اور انکا افتتاح وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کرینگے۔ان گیمز میں ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، پشاور، ایبٹ آباد اور سوات ریجنز سے مدارس کے چار سو طلباء کرکٹ، والی بال اور فٹ بال میں جبکہ چار سو خصوصی افراد بوشے، وہیل چیئر کرکٹ، سٹینڈنگ کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی اور باسکٹ بال ودیگر کھیلوں میں حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

مشیر کھیل کا اس موقع پر کہا تھا کہ ان کھیلوں کا انعقاد صوبائی حکومت کا ایک اہم کارنامہ ہے جو انھوں نے مدارس کے طلبہ اور خصوصی افراد کو تفریحی سرگرمیوں کیلئے مواقع فراہم کرنے کی غرض سے پلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے انھیں مواقع فراہم کررہی ہے اور یہ گیمز حکومت کی ان کوششوں کی ایک کڑی ہے۔