ک*لاہور: 9 سالہ گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر جھلس کر جاں بحق، گھر کا مالک گرفتار

جمعہ 26 اپریل 2024 22:30

ؑلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 اپریل2024ء) ملت پارک میں 9 سالہ گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر جھلس کر جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے گھر کے مالک کو گرفتار کر لیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق 9 سالہ زینب سلمان نامی شخص کے گھر چند ماہ سے ملازمت کررہی تھی جسے آج جھلسی ہوئی حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکی، پولیس نے گھر کے مالک کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزم سلمان نے بیان دیا ہے کہ 9 سالہ زینب گزشتہ روز کچن میں سلنڈر پھٹنے سے جھلس گئی تھی جسے ابتدائی طبی امداد گھر ہی میں دی جاتی رہی، حالت زیادہ بگڑنے پر اسے آج ہسپتال لے کر آئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ملازمہ کے گھر والوں کو بچی کے جھلسنے کی اطلاع نہیں دی، پولیس نے بچی کے ورثا کی درخواست پر تھانہ ملت پارک میں مقدمہ درج کرلیا۔

(جاری ہے)

ایس پی اقبال ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بچی کی موت کے اصل حقائق پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئیں گے۔ دریں اثنا ڈی آئی جی آپریشنزمحمد فیصل کامران ملت پارک پہنچ گئے جہاں انہوں نے جاں بحق بچی کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ فیصل کامران کا کہنا تھا کہ ملزم سلمان کے خلاف مزیدتفتیش عمل میں لائی جا رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ عورتوں اور بچوں کا استحصال کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔